سپریم کورٹ آف پاکستان کے مزید 5 ججوں کے نام مشکوک خطوط موصول ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس حسن اظہر رضوی کے نام مشکوک خطوط موصول ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں
رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کے عملے کی جانب سے مشکوک خطوط سی ٹی ڈی حکام کے حوالے کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس پاکستان سمیت 6 ججوں نام خط موصول ہوئے تھے جن میں پاؤڈر بھی موجود تھا۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کے جن ججوں کو خط موصول ہوئے تھے ان میں چیف جسٹس فائز عیسیٰ، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس امین الدین اور جسٹس علی مظہر شامل ہیں۔
ججوں کو خطوط موصول ہونے کا آغاز اسلام آباد ہائیکورٹ کے 8 ججوں سے ہوا تھا جب عدالت العالیہ کے 8 ججوں کو پاؤڈر سے بھرے خطوط بھیجے گئے تھے۔
حکومت کی جانب سے اس اہم معاملہ کی تحقیقات کے لیے سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دیا گیا تھا تاہم انہوں نے معذرت کرلی تھی۔
جسٹس تصدق جیلانی کی معذرت کے بعد چیف جسٹس پاکستان نے ازخود نوٹس لے لیا ہے جس کی ایک سماعت بھی ہوچکی ہے، جبکہ جسٹس فائز عیسیٰ نے آئندہ سماعت پر فل کورٹ بنانے کا بھی عندیہ دیا تھا۔