ایل سلواڈور 5 ہزار غیرملکیوں کو مفت پاسپورٹ دے رہا ہے، آپ بھی اپلائی کرسکتے ہیں

پیر 8 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وسطی امریکی ملک ایل سلواڈور نے سائنسدانوں، انجینئروں اور ڈاکٹروں سمیت انتہائی ہنر مند غیرملکیوں کو 5,000 مفت پاسپورٹ کی پیشکش کی ہے، جس کی ملکی معیشت میں مالیت کا تخمینہ 5 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

ایل سلواڈور کے صدر نائیب بوکیلے نے اعلان کیا ہے کہ وسطی امریکی ملک انتہائی ہنر مند کارکنوں کو 5,000 مفت پاسپورٹ فراہم کرے گا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کیے گئے ان کے پیغام کے مطابق یہ تعداد ملک کے پاسپورٹ پروگرام میں 5 بلین ڈالر کے برابر ہے۔

’ہم بیرون ملک سے انتہائی ہنر مند سائنسدانوں، انجینئروں، ڈاکٹروں، فنکاروں اور فلسفیوں کو 5,000 مفت پاسپورٹ (ہمارے پاسپورٹ پروگرام میں $5 بلین کے برابر) پیش کر رہے ہیں، جو ہماری آبادی کے 0.1 فیصد سے بھی کم نمائندگی پر مشتمل ہے، اس لیے انہیں ووٹنگ کے حقوق سمیت مکمل شہری کا درجہ دینا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘

صدر نائیب بوکیلے کا کہنا ہے کہ کم تعداد میں ایل سلواڈور کے پاسپورٹ کی فراہمی کے باوجود، متوقع ہنرمند غیرملکیوں کے تعاون کا ان کے معاشرے سمیت ملکی مستقبل پر بہت بڑا اثر پڑے گا۔

’اس کے علاوہ، ہم منتقل ہونے والے خاندانوں اور اثاثوں پر 0 فیصد ٹیکس اور ٹیرف کو یقینی بنا کر ان کی نقل مکانی میں سہولت فراہم کریں گے، اس میں تجارتی قیمت کی اشیاء جیسے آلات، سافٹ ویئر، اور دانشورانہ املاک شامل ہیں۔‘

ویزا گائیڈ پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق مارچ 2024 تک ایل سلواڈور پاسپورٹ دنیا میں 72 ویں نمبر پر ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہاں کے شہری دنیا کے 105 ممالک کا ویزا فری سفر کرسکتے ہیں، تاہم دیگر ممالک میں داخلے کے لیے انہیں پہلے سے ویزا حاصل کرنا ہوگا۔

ایل سلواڈور سے متعلق انسانی حقوق کے خدشات

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایل سلواڈور کے سیکیورٹی وزیر گستاوو ویاتورو کا کہنا ہے کہ صدر نائیب بوکیل کی حکومت کی جانب سے 2 سال قبل شروع کیے گئے کریک ڈاؤن کے بعد سے ایل سلواڈور کے گینگ کے تقریباً تین چوتھائی ارکان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

گستاوو ویاتورو کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد کی تعداد اب 79,184 تک پہنچ گئی ہے، بقیہ اندازے کے مطابق 25,000 کا پتا لگانے کی کوششیں جاری ہیں، انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان میں سے بیشتر ایل سلواڈور سے فرار ہو چکے ہیں۔

صدر نائیب بوکیلے کا کہنا ہے کہ متوقع ہنرمند غیرملکیوں کے تعاون کا ان کے معاشرے سمیت ملکی مستقبل پر بہت بڑا اثر پڑے گا۔ (فائل فوٹو)

ٹی سی ایس ٹیلی ویژن نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے، گستاوو ویاتورو کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس گرفتاریوں کے ریکارڈ کے ساتھ، عام الفاظ میں، ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہم 75 فیصد کے قریب ہیں جبکہ 25 فیصد باقی ہیں۔

مارچ 2022 میں، صدر نائیب بوکیل نے ان گینگز کے خلاف ایک مہم شروع کی، جس میں گرفتاری کے وارنٹ اور دیگر شہری آزادیوں کی ضرورت کو معطل کرتے ہوئے ہنگامی حالت کا استعمال کیا گیا، جسے انسانی حقوق کے گروپوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حال ہی میں انہیں ’غیر متناسب‘ قرار دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp