پاکستان میں کل عید ہوگی؟ کیا رویت ہلال کمیٹی اور محکمہ موسمیات ایک پیج پر ہیں؟

منگل 9 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

اس اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے ممبران کے علاوہ محکمہ موسمیات، سپارکو اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے حکام بھی شریک ہوں گے۔ دوسری جانب زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی مقررہ مقامات پر منعقد ہوں گے۔

رویت کمیٹی کے اجلاس میں شوال دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی، جس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی چاند نظر آنے یا نہ آنے کے بارے میں اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا لہٰذا وہاں عید کل بروز بدھ  10 اپریل کو ہوگی، اس خبر  کے بعد بعض لوگوں کی جانب سے خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ پاکستان میں عید جمعرات 11 اپریل کو ہوگی۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق، آج شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ملک کے اکثر حصوں میں مطلع صاف ہوگا جبکہ انسانی آنکھ سے نظر آنے کے لیے چاند کی عمر بھی پوری ہے۔

محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کے آغاز میں پیش گوئی کی تھی کہ چاند کی عمر 9 اپریل کو 19 سے 20 گھنٹنے ہو جائے گی، اور غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زیادہ پر محیط ہوگا، اس لیے پاکستان میں 9 اپریل کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کیا کہتے ہیں؟

 چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اس سے قبل سائنسی بنیاد پر رمضان کے چاند کی تاریخ بتا چکے ہیں۔ چند روز پہلے، اپنے ایک بیان میں مولانا عبدالخبیر نے کہا تھا کہ اس سال رمضان المبارک کا چاند 29 دنوں کا ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہو سکتی ہے کیونکہ 9 اپریل کو سائنسی لحاظ سے چاند کی عمر 20 گھنٹے کے قریب اور زاویہ بھی 10 ڈگری ہوگا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کا آغاز ایک ہی روز ہوا، عیدالفطر بھی ایک ہی روز ہوگی۔ تمام مکاتب فکر کے علما سے رابطے میں ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp