قلندرز یا سلطانز : پی ایس ایل 8 کا فاتح کون ، فیصلہ آج ہوگا

ہفتہ 18 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی ایس ایل سیزن 8 کے آخری دن فائنل میچ میں ایونٹ کی دو بہترین ٹیمیں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز ٹائٹل کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔

پی ایس ایل 7 کی طرح پی ایس ایل 8 کا فائنل بھی مسلسل دوسرے برس لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

تصویر بشکریہ: پی ایس ایل ٹی 20 ڈاٹ کام

آج کی فاتح ٹیم دوسری بار پی ایس ایل چیمپئن بنے گی۔ تاہم قلندرز اعزاز کا دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بن سکتی ہے۔

چیمپئن ٹیم کو خوبصورت ٹرافی کے علاوہ 12 کروڑ روپے کی خطیر انعامی رقم ملے گی جبکہ رنرز اپ کو 4 کروڑ 80 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل 7 جیتنے والی ٹیم کو 8 کروڑ جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 3 کروڑ 20 لاکھ روپے رقم دی گئی تھی۔

میری وکٹ غلط وقت پر گری: بابراعظم

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں باؤلنگ اچھی نہیں ہوسکی، اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے۔

 لاہور قلندرز کے خلاف دوسرے ایلمینٹر میں شکست کے بعد پریس کانفرنس میں بابر اعظم نے کہا کہ پشاور زلمی کے ساتھ کھیل کر مزہ آیا بدقسمتی سے آگے نہیں جاسکے۔

تصویر بشکریہ: پی ایس ایل ٹی 20 ڈاٹ کام

انہوں نے کہا کہ انفرادی سے بڑھ کر ٹیم کی کارکردگی کی اہمیت ہوتی ہے۔ پاکستان کرکٹ نکھر رہی ہے۔ اس بار صائم ایوب اور محمد حارث سامنے آئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل:لاہور قلندرز نے فائنل کاٹکٹ کٹوالیا،کل ملتان سلطانز سے ٹاکرا ہو گا

بابر اعظم کا کہنا تھا نوجوان مواقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں جس کا پاکستان کو فائدہ ہوگا۔میری وکٹ غلط وقت پر گری۔ لاہور قلندرز کو کریڈٹ دینا چاہیے۔ حارث رؤف نے اچھی باؤلنگ کی۔

زلمی کے کپتان نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کا آگے آنا بہت اچھی بات ہے۔ ہمیں صرف لاہور میں ہی نہیں بلکہ ملتان کراچی اور راولپنڈی میں بھی سپورٹ ملی جو اچھی بات ہے۔

فائنل میچ کا وی آئی پی ٹکٹ کتنے کا ؟

لاہور میں 18 مارچ کو ہونے والے فائنل کے وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 7 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ پریمیئم ٹکٹ چار ہزار جبکہ فرسٹ کلاس 2500 اور 1200 روپے کا ہوگا۔

نجم سیٹھی فائنل دیکھنے کے بعد دبئی جائیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے بعد دبئی جائیں گے۔ نجم سیٹھی کو آئی سی سی اور اے سی سی کے اجلاسوں میں شرکت کرنی ہے جس کے لیے وہ 19 مارچ کی صبح دبئی روانہ ہوں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس 18 سے 20 مارچ تک دبئی میں شیڈول ہے جبکہ ایشین کرکٹ کونسل ایگزیکٹو کا اجلاس 21 مارچ کو ہوگا۔

تصویر بشکریہ: پی ایس ایل ٹی 20 ڈاٹ کام

آئی سی سی میٹنگز میں پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دے گا جبکہ اے سی سی اجلاس میں پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے سخت مؤقف اپنائے گا۔ اجلاس ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے بہت اہم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp