گوہاٹی میں کھیلے گئے خواتین ون ڈے ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 125 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔ جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈٹ کی شاندار سنچری نے پروٹیز کو پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں پہنچا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ: انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی
وولوارڈٹ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 143 گیندوں پر 169 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں خوبصورت ڈرائیوز اور جاندار شاٹس شامل تھے۔
وولوارڈٹ اور تزمین برِٹس نے 116 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جس نے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ بعد ازاں مریزانے کیپ، کلوی ٹرائن اور نادین ڈی کلرک نے اننگز کو 319 تک پہنچایا۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں ابتدا ہی سے دباؤ میں رہی۔ مریزانے کیپ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایابونگا کھاکا نے ابتدائی کامیابیاں دلائیں۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 42.3 اوورز میں صرف 194 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: ویمنز ورلڈ کپ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ، جنوبی افریقہ کی سیمی فائنل میں رسائی
لورا وولوارڈٹ کو ان کی شاندار اننگز پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے کیریئر کی یادگار ترین اننگز میں سے ایک ہے، خاص طور پر سیمی فائنل جیسے بڑے موقع پر۔
جنوبی افریقہ نے 2017 اور 2022 کے سیمی فائنلز میں ناکامی کے بعد بالآخر فائنل میں رسائی حاصل کر کے اپنی تاریخ بدل دی۔
یاد رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ 2025 کا دوسرا سیمی فائنل کل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کی فاتح ٹیم 2نومبر کو جنوبی افریقہ سے فائنل میں ٹکرائے گی۔














