ملت ایکسپریس سے خاتون کے مبینہ طور پر گر کر جاں بحق ہونے کے معاملے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق مریم بی بی کراچی سے فیصل آباد جارہی تھیں، دورانِ سفر خاتون نے مسافروں کا سامان بکھیرنا شروع کر دیا جس پر مسافروں نے پولیس کانسٹیبل کو بلایا۔
کانسٹیبل نے خاتون پر ہاتھ اٹھایا اور اسے دوسرے ڈبہ میں شفٹ کر دیا، کانسٹیبل کی ڈیوٹی کراچی سے حیدرآباد تک تھی۔
رپورٹ کے مطابق خاتون نے چلتی ٹرین سے چنی گوٹھ میں چھلانگ لگائی، خاتون کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کے بیان کے مطابق خاتون نے اچانک چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی۔
خاتون کے لواحقین کے مطابق خاتون کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔ ڈی آئی جی ریلوے پولیس ساؤتھ زون کی سربراہی میں 4 رکنی انکوائری کمیٹی مزید تحقیقات کررہی ہے۔ کمیٹی 3 روز میں چیئرمین ریلوے کو رپورٹ پیش کرے گی۔
دوسری جانب پولیس کانسٹیبل کو انتہائی غیر مناسب رویے پر گرفتار کر لیا گیا تھا اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل چلتی ٹرین میں خاتون اور بچے پر پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا، بعد ازاں پولیس اہلکار کو ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔
چلتی ریل سے کودنے والی 30 سالہ مریم بی بی کا تعلق جڑانوالہ چک 40 موڑ فیصل آباد سے تھا۔