وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکا میں یو ایس پاک بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے حکومتی عزم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
وزیر خزانہ نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے حکومتی عزم اجاگر کیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہاکہ زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔
وزیر خزانہ کی مالدیپ کے سابق صدر سے ملاقات
دریں اثنا وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی مالدیپ کے سابق صدر و سیکرٹری جنرل ’سی وی ایف‘ محمد نشید سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کے خطرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں کوپ 28 کے دوران موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات کے حوالے سے قائم کیے جانے والے فنڈ میں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان سمیت دیگر ممالک میں موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تبادلہ خیال ہوا۔
واضح رہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اس وقت امریکا کے دورے پر ہیں جہاں پر وہ آئی ایم ایف سے نئے قرض پروگرام پر مذاکرات کریں گے۔