سلمان خان کے گھر پر فائرنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، واقعہ کی تفصیلات سامنے آگئیں

منگل 16 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی پولیس نے بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والے 2 حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، ملزمان کی وکی گپتا اور ساگر شری جوگیندرا کے نام سے شناخت ہوئی ہے، ممبئی پولیس نے دونوں افراد کو بھارتی ریاست گجرات سے گرفتار کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 24 سالہ وکی گپتا اور 21 سالہ ساگر شری جوگیندرا کا تعلق گجرات کے ضلع بھوج سے ہے اور ان دونوں کو وہیں سے گرفتار کیا گیا ہے۔

حملہ آوروں نے کیسے منصوبہ بندی کی؟

بھارتی میڈیا کے مطابق، ممبئی پولیس کی اب تک کی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان 21 دن تک ممبئی کے قریبی شہر پنویل میں رہے، جہاں انہوں نے ایک مقامی رہائشی سے استعمال شدہ موٹرسائیکل خریدی۔

پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ملزمان نے سلمان خان کے گھر پر حملہ کرنے کے لیے پنویل میں ایک گھر کرایہ پر لیا تھا جس کے لیے انہوں نے اپنے ’آدھار کارڈ‘ (رہائش کا ثبوت) جمع کرائے تھا جبکہ ایک رکشہ ڈرائیور انہیں مکان کے مالک تک لے کر گیا تھا۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں ملزمان کو واقعہ کے ایک گھنٹے  بعد آخری بار صبح 6 بجکر 15 منٹ پر ممبئی کے ’میرا روڈ‘ پر دیکھا گیا تھا، جس کے بعد وہ پولیس کی نظروں سے اوجھل ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ اتوار کی صبح 5 بجے 2 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سلمان خان کی ممبئی کے علاقے باندرہ میں گلیکسی رہائش گاہ کے باہر 6 راؤنڈ فائر کیے تھے۔ حملہ آوروں نے ایک گولی عمارت کی پہلی منزل پر بھی چلائی جہاں سلمان خان کی آرام گاہ ہے۔ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں  کامیاب ہوگئے تھے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سلمان خان کو دھمکانے کے لیے ان کے گھر کے باہر فائرنگ کی منصوبہ بندی امریکا میں ہوئی۔ لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے فائرنگ کے لیے شوٹرز کے انتخاب کی ذمہ داری راجستھان میں بشنوئی گروپ کو آپریٹ کرنے والے امریکا میں مقیم روہت گودارا کو دی تھی۔

جہاں ایک جانب یہ شبہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ مشتبہ افراد کا تعلق بشنوئی گینگ سے ہے اسی دوران اس واقعہ کی ذمہ داری لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نےخود قبول کرچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp