ٹی20 کرکٹ: ویرات اور بابر کا اہم ترین ریکارڈ محمد رضوان اپنے نام کرنے کے قریب

منگل 16 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے کے قریب ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ساتھ ہونے والی سیریز میں محمد رضوان ٹی20 کرکٹ کے تیز ترین 3ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ ممکنہ طور پر اپنے نام کرلیں گے۔

ٹیم پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اپنے ٹی 20 کیریئر میں ایک اہم سنگ میل کے دہانے پر ہیں، محمد رضوان ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین 3000 رنز بنانے کے معاملے میں ویرات کوہلی اور بابر اعظم کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے کے قریب ہیں، جو ان دونوں بلے بازوں نے 81 اننگز میں بہترین پرفارمنس سے حاصل کیا تھا۔

گرین شرٹس کے وکٹ کیپر بیٹرکو 78 اننگز میں 2981 رنز بنانے کے بعد یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے اپنی اگلی 2 اننگز میں مزید صرف 19 رنز بنانے ہوں گے۔ اس کارنامے کو حاصل کرنے سے وہ بابراعظم کے بعد ٹی20 کرکٹ میں 3000 رنز مکمل کرنے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی بھی بن جائیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں ایک قابل ذکر سنگ میل کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ نسیم شاہ 50 بین الاقوامی میچوں میں 98 وکٹوں کے ساتھ 100 وکٹس کے کلب میں شامل ہونے میں صرف 2 وکٹوں کی دوری پرہیں۔ ان کی وکٹوں کی تعداد اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 51، ون ڈے میں 32، اورٹی 20 میں 15 کے ساتھ مختلف فارمیٹس میں تقسیم کی گئی ہیں۔

مستقبل قریب میں ہونے والی 5 میچز کی سیریز میں نسیم شاہ اپنی برق رفتار گیند بازی سے کیریئر کے نئے سنگِ میل کو عبور کرسکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp