الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی قیادت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے معائنہ اور انتخابی مراحل میں اس کے استعمال کے امکانات و ممکنات کا جائزہ لینے کے لیے برازیل کا دورہ کیا ہے۔ پاکستانی وفد میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد خضر عزیز اور ڈائریکٹر ندیم زبیر بھی شامل تھے۔
مزید پڑھیں
الیکشن کمیشن کے مطابق، اس 3 روزہ دورے کے دوران پاکستانی وفد نے برازیل میں الیکشن کے انتظام و انصرام کے ذمہ دار ادارے ’ٹربیونل سپیریئر الیکٹورل (ٹی ایس ای)‘ کے مختلف شعبوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں جن میں برازیلین الیکشن حکام نے پاکستانی وفد کو برازیل میں مروجہ و مستعمل انتخابی نظام، اس کے مختلف مراحل اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال پر تفصیلی بریفنگز دیں۔
ملاقاتوں کے دوران انتخابی مراحل میں سماجی اعتماد کے استحکام سے متعلق اقدامات، نشاندہی کے نظام اور ڈس انفارمیشن کے تدارک کے لیے درکار مشاورت اور رہنمائی کے موضوعات بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر پاکستانی وفد کے مشاہدہ کے لیے ای وی ایم کے عملی استعمال کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ اپنے دورہ برازیل کے دوران، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے برازیل ٹربیونل سپیرئر الیکٹورل (ٹی ایس ای) کے صدر و برازیل سپریم کورٹ کے چیف جسٹس الیشاندرے دیمورائس سے بھی ملاقات کی اور ای وی ایم کے استعمال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
برازیل کے انتخابی عمل کا مطالعہ جاری رہے گا
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ای وی ایم کو پائلٹ منصوبوں میں استعمال کرنے کے لیے برازیل کے انتخابی نظام کا مزید مطالعہ جاری رکھا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے الیکشن کمیشن کا انفارمیشن ٹیکنالوجی ونگ اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) مشترکہ طور پر آئندہ کے لیے لائحہ عمل تیار کرے گا۔
واضح رہے کہ اس وقت دنیا میں کئی ممالک انتخابی مراحل میں ای وی ایم کا جزوی طور پر استعمال کر رہے ہیں تاہم برازیل اور بھارت 2 ایسے ممالک ہیں جہاں ای وی ایم کا استعمال ملکی سطح پر کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اعلیٰ سطح کے وفد نے برازیل کا دورہ کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ برازیل کے انتخابی نظام کا دنیا کے بہترین اور ٹیکنالوجی کے اعتبار سے جدید ترین نظاموں میں شمار کیا جاتا ہے۔