گورنر سندھ کی کرسی حالیہ انتخابات سے قبل ہی خطرے میں تھی لیکن اب عام انتخابات کو بھی کئی ہفتے گزر گئے ہیں، تاہم کامران خان ٹیسوری اب تک اپنی کرسی پر براجمان ہیں۔ دوسری جانب کافی نام اس منصب کے لیے منظر عام پر آچکے ہیں۔
گزشتہ روز ذرائع سے ایک بار پھر یہ خبر سامنے آئی کہ گورنر سندھ کو تبدیلی کیا جا رہا ہے اور اس بار سابق نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کا نام سامنے آیا ہے، جسٹس (ر) مقبول باقر سے اس حوالے سے تصدیق کرنا چاہی تو انکا کہنا تھا کہ انکے پاس اس طرح کی کوئی معلومات نہیں ہیں پر لوگ انہیں مبارک بادیں دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
ایم کیوایم کے سینئررہنما فاروق ستار اس حوالے سے کہتے ہیں کہ سندھ کی گورنرشپ پرپہلا اورآخری حق ایم کیو ایم کا ہے، گورنرکے لیے کامران ٹیسوری کے علاوہ ایم کیوایم نے کوئی نام نہیں دیا۔
کامران خان ٹیسوری کے متبادل اب تک کئی نام آچکے ہیں جن میں مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما بشیر میمن، ایم کیو ایم کی رہنما خوش بخت شجاعت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر عاصم حسین شامل ہیں۔ لیکن اب تک مصدقہ معلومات اس حوالے سے سامنے نہیں آرہی کہ واقعی گورنر سندھ کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان چاہتی ہے کہ کامران ٹیسوری ہی گورنر سندھ رہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اس منصب پر اب کسی اور کو لانا چاہتی ہیں، یہی وجہ تھی کہ کچھ دن پہلے خوش بخت شجاعت کا نام بھی زیر گردش رہا۔ ذرائع یہ بھی کہتے ہیں کہ جیسے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نگراں وزیر اعلیٰ سندھ بنے ویسے ہی گورنر سندھ بن جائیں گے فیصلہ ہوچکا ہے بس اعلان ہونا باقی ہے، شاید ایم کیو ایم کو منانے کی کوشش کی جارہی ہے۔