کیا کراچی متوقع بارش کے لیے تیار ہے؟

بدھ 17 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، اس ماہ ایک اسپیل بارش کا گزر چکا جبکہ دوسرے اسپیل کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات سے آغاز ہو جائےگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، شہر قائد میں سمندری ہوائیں اس وقت معطل ہیں جس کی وجہ سے آج سے گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس ہوگا اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 تا 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ہوا میں نمی کا تناسب 59 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، بلوچستان میں آج سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جبکہ کراچی میں آج رات یا کل صبح سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو جائےگا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے اور شہر میں 19 اپریل تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب متوقع بارشوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بھی اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے، ڈپٹی میئرسلمان عبداللہ

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور واٹر کارپوریشن کا عملہ متحرک ہے، سٹی وارڈنز بھی چاکنگ پوائنٹس اور اہم شاہراہوں پر موجود رہیں گے جبکہ تمام مشینری اور پمپس انڈر پاسز پر فعال رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے ٹاؤنز چیئرمین بھی اپنے اپنے ٹاؤنز میں خدمات انجام دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp