اسرائیل کا ایران پر جوابی حملہ: پاسداران انقلاب نے فوجی اڈے کو نقصان پہنچانے کا صہیونی دعویٰ مسترد کردیا

جمعہ 19 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ٹی وی چینل ’اے بی سی نیوز‘ کے مطابق اسرائیل نے ایران کے شہر اصفہان میں ایک ہدف کو ڈرون اور میزائل حملوں سے نشانہ بنایا ہے جبکہ ایران کے سرکاری ٹی وی نے اصفہان میں دھماکوں کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ آوازیں دفاعی سسٹم ایکٹیو کرنے کی تھیں۔ تاہم ایران نے متعدد شہروں میں ایئر ڈیفینس سسٹم بحال کردیا ہے اور اسرائیلی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے کسی بھی پاور پلانٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز نے ایک نامعلوم سینئر امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی میزائلوں نے ایران کے شہر اصفہان میں ایک فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا ہے، تاہم پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان نے صیہونی ذرائع ابلاغ کی جانب سے دیمونا پاور پلانٹ کی عمارت کو صیہونی حکومت کے خلاف ایران کے تعزیری حملے میں نقصان پہنچانے کی خبر کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے صیہونی حکومت کے خلاف ایک بدنیتی پر مبنی اقدام قرار دیا ہے۔

ایران نے اسرائیلی حملے کے دعوے کو نفسیاتی حملہ قرار دے دیا

صہیونی میڈیا کی جانب سے مقبوضہ علاقوں میں دیمونا پاور پلانٹ کی عمارت کو نقصان پہنچانے کی خبر کی اشاعت کے بعد بریگیڈیئر جنرل رمضان شریف نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ دیمونا پاور پلانٹ کی حالیہ تعزیری کارروائی کا ہدف نہیں تھا۔ انہوں نے اسرائیل کے حملے کو نفسیاتی حملہ قرار دیتے ہوئے اسرائیلی دعوے کو جھوٹا قرار دیا۔

ایران کی جوہری تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی ہر کسی سے انتہائی تحمل کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ جوہری تنصیبات کو کبھی بھی فوجی تنازعات کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

ایران نے ڈیفینس سسٹم بحال کردیا

دوسری جانب ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے تصدیق کی کہ جو آوازیں سنائی دی گئی تھیں وہ دھماکوں کی نہیں بلکہ دفاعی سسٹم کے ایکٹیو ہونے کی تھیں، جس کے بعد ملک بھر میں فضائی دفاعی نظام فعال ہوگیا جبکہ تہران اور اصفہان سمیت کئی علاقوں میں پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ تاحال جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

شام اور عراق میں بھی دھماکوں کی اطلاعات

میڈیا رپورٹس کے مطابق شام اور عراق میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ امریکا اور کئی یورپی ممالک اسرائیل سے مطالبہ بھی کرتے رہے ہیں کہ وہ ایرانی حملے کا جواب نہ دے۔

اصفہان کو تزویراتی طور پر ایک اہم شہر سمجھا جاتا ہے اور یہ ایک ایسا شہر ہے جو کئی اہم مقامات کی میزبانی کرتا ہے، یہاں ایرانی فوجی تحقیقاتی ادارے اور فضائی اڈے بھی موجود ہیں، اصفہان کے قریب ہی نطنز شہر ایران کے جوہری افزودگی کی جگہوں میں سے ایک ہے۔

علاوہ ازیں تجارتی پروازوں نے بھی آج صبح بغیر کسی وضاحت کے مغربی ایران کی طرف اپنے راستوں کا رخ موڑنا شروع کر دیا کیونکہ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے کہا ہے کہ اصفہان شہر میں دھماکے کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

واضح رہے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے قونصل خانے پر حملہ ہوا تھا جس میں ایران کے ایک سینئر جنرل سمیت متعدد ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ ایران نے الزام عائد کیا تھا کہ یہ حملہ اسرائیل نے کیا ہے۔ اس کے بعد ایران نے اسرائیل پر ڈرون اور میزائلوں کی بوچھاڑ کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp