پی ٹی آئی کی دوغلی سیاست نہیں چل سکتی، سعودی عرب پر الزامات کی مذمت کرتے ہیں، بلاول بھٹو

جمعہ 19 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی قیادت میں سعودی وفد کا پاکستان کا دورہ کامیاب ترین دورہ رہا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی دوغلی اور 2 چہرہ رکھنے والی سیاست نہیں چل سکتی، پی ٹی آئی کے سعودی عرب پر الزمات کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری میں سعودی عرب کا بڑا کردار ہو گا۔

سعودی عرب کا پورے پاکستان میں سرمایہ کاری کا پروگرام ہے

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کا پورے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا پروگرام ہے تاکہ پاکستان کے عوام کو روز گار کے مواقع میسر آئیں اور ہماری معیشیت کو بہت فائدہ ہو گا۔

غیر ملکی وفود کا پرتپاک استقبال اپوزیشن سمیت سب کا فرض ہے

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آپ اپوزیشن میں ہوں، کسی اتحاد میں شامل ہوں یا حکومت میں ہوں، جب بھی کوئی غیر ملکی وفد پاکستان کا دورہ کرے تو اس کا بھرپور استقبال کرنا بحیثیت پاکستانی اپنے مہمان کا پرتپاک استقبال کرنا چاہیے۔

پی ٹی آئی کے سعودی عرب پر الزامات کی سخت مذمت کرتے ہیں

انہوں نے کہا کہ آپ کو یاد ہو گا کہ جب عمران خان وزیر اعظم تھے تو سعودی عرب کے فرمانروا پاکستان کے دورے پر آئے تو عمران خان ان کی گاڑی خود چلا رہے تھے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ جب ہمارے دوست اور برادر ملک سعودی عرب کے وزیر خارجہ پاکستان کے دورے پر تھے تو پی ٹی آئی کے ایک سیاستدان نے سعودی عرب پر جھوٹا اور بے بنیاد الزام لگایا، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتےہیں۔

پی ٹی آئی کی دوغلی سیاست نہیں چل سکتی

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی بچگانہ سیاست کا منہ بولتا ثبوت یہ ہے کہ جب ان کا کوئی کارکن یا سیاستدان جھوٹا اور بے بنیاد الزام لگاتا ہے تو عوام کا ردعمل سامنے آنے پر وہ پھر اس کی مذمت کرنے لگتے ہیں، اس طرح کی دوغلی اور 2 چہرے رکھنے والی سیاست نہیں چل سکتی، پی ٹی آئی کو ذمہ دارانہ بیانات دینے چاہییں۔

عمران خان کی جھوٹی سیاست کا خارجہ تعلقات کو شدید نقصان ہو گا

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹ کی جو سیاست شروع کر رکھی ہے اس کا نقصان نہ صرف پاکستان تحریک انصاف کو ہو گا بلکہ ملک کی خارجہ تعلقات کو بھی شدید نقصان پہنچے گا۔

سعودی عرب کے ساتھ تمام جماعتوں کے اچھے تعلقات ہیں

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات خارجہ پالیسی کے لیے انتہائی نقصاندہ ہیں۔ سعودی عرب سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے بہت اچھے تعلقات ہیں ، اس لیے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے خوشگوار تعلقات  استوار رکھنا تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہونا چاہیے۔ ایسا بالکل نہیں ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ صرف کسی ایک جماعت کا تعلق ہے، سعودی عرب کے ساتھ پورے پاکستان کا تعلق ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp