امریکا: ہاکی کی معمر ترین کھلاڑی کتنے سال کی ہیں؟

ہفتہ 18 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہاکی بھی دیگر کھیلوں کی طرح ایک خاصی مشقت والی سرگرمی ہے جسے کھیلنا عموماً جوان صحت مندوں کا کام ہے لیکن امریکا میں ایک معمر خاتون ہیں جو ایک بڑی عمر میں بھی نوجوانوں کی طرح یہ کھیل کھیلنے کی مہارت رکھتی ہیں۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق امریکا کی 82 سالہ لنڈا سنروڈ دنیا کی معمر ترین خاتون ہاکی کھلاڑی ہیں۔

امریکی نیوز ایجینسی یونائیٹڈ پریس انٹرنیشنل کے مطابق لنڈا ورجینیا کی رہائشی ہیں اور وہ جب ہاکی کے میدان میں اتریں تو ان کی عمر 35 برس تھی۔

اس سے قبل وہ فگر اسکیٹنگ کرتی تھیں تاہم کچھ دوستوں کے مشورے پر انہوں نے ہاکی کھیلنی شروع کی اور پھر اس کھیل سے انہیں پیار ہوگیا۔

لنڈا کو ہاکی کھیلنے میں اتنا مزہ آیا کہ وہ واشنگٹن ڈی سی میں خواتین کی پہلی ہاکی ٹیم کی بانی رکن بن گئیں۔

کچھ ساتھیوں نے انہیں 75 سال کی عمر میں ٹیم چھوڑنے کا مشورہ دیا کیوں کہ ایسا لگتا تھا کہ انہیں کھیلنے میں اب کچھ مشکل پیش آتی ہے لیکن چوں کہ وہ ہاکی چھوڑنا نہیں چاہتی تھیں اس لیے انہوں نے خواتین کی لیگ میں کھیلنا شروع کیا جو سال میں دو بار ٹیموں کا انتخاب کرتی تھی۔

لنڈا کا کہنا ہے’میں ہمیشہ سے ساتھی کھلاڑیوں کی نسبت عمر رسیدہ ہاکی پلیئر رہی ہوں اس لیے ہمیشہ سے اس بات کا تجسس رکھتی تھی کہ سب سے عمر رسیدہ خاتون ہاکی کھلاڑی کی عمر کتنی ہوگی‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا  گنیز ورلڈ ریکارڈز سے رابطہ ہوا تو انہیں معمر ترین ہاکی کھلاڑی قرار دے دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp