پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے گزشتہ ماہ راولپنڈی میں پاکستان اور انگلینڈ ٹیسٹ کی پچ کے ڈی میرٹ پوائنٹ کے خلاف اپیل کر دی ۔
پی سی بی کو راولپنڈی پچ کے ڈی میرٹ پوائنٹ کی رپورٹ آئی سی سی کی جانب سے 13 دسمبر کو موصول ہوئی تھی، آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک انگلینڈ پنڈی ٹیسٹ میں کئی بیٹنگ ریکارڈز بنے، اس اسٹیڈیم کے 2 ڈی میرٹ پوائنٹس ہوگئے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق ڈی میرٹ پوائنٹس پانچ برس تک برقرار رہیں گے اور مزید ڈی میرٹ پوائنٹس پر پنڈی وینیو کی میزبانی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
تاہم اب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دائر کردہ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنڈی کی پچ میں باؤنس ناہموار نہیں تھا، پچ کو اوسط سے کم درجے کی قرار دیے جانے کے تمام پہلو مکمل نہیں ہوئے۔
پنڈی کی پچ اوسط سے بھی کم قرار، آئی سی سی نے وینیو کے مستقبل پر بیان جاری کردیا
پاکستان کرکٹ بورڈ پر امید ہے کہ ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پہلے دن 500 سے زیادہ رنز بنائے تھے جب کہ اس ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی جبکہ گز شتہ برس آسٹریلیاکے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی پنڈی کی پچ کو ڈی میرٹ پوائنٹ ملا تھا۔