کراچی بار ایسوسی ایشن نے اداکار فیصل قریشی اور نجی ٹی وی چینل سے ڈرامے میں وکلا برادری سے متعلق نا مناسب الفاظ کا استعمال کرنے پرمعافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ وکلا برادری کے خلاف نامناسب الفاظ کے استعمال سے وکلا کی ساکھ متاثر ہوئی ہے اور اگر اداکار فیصل قریشی اور چینل انتظامیہ نے معافی نہ مانگی تو قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے ڈرامے ’ظلم‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے فیصل قریشی نے ویڈیو جاری کر کے وکلا برادری سے معذرت کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی بار ایسوسی ایشن کے نوٹیفکیشن کے بعد انہیں بہت زیادہ کالز اور مسیجز آئے اور اداکار قیصر خان نظامانی نے بھی ان سے رابطہ کر کے اس حوالے سے بازپرس کی۔
فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ انہوں نے قیصر خان نظامانی کو بتایا کہ بحیثیت اداکار ہم لکھے ہوئے اسکرپٹ کو بولنے کے پابند ہوتے ہیں، اس ڈرامے کے اسکرپٹ میں شامل کئی متنازع ڈائیلاگز بولنے سے ہم نے انکار کیا لیکن پھر بھی کچھ باتیں غلطی سے آن ایئر چلی گئیں اور ان باتوں کی وجہ سے وکلا برادری ناراض ہوئی۔
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ اچھا نہیں لگتا کہ کسی کا اس طرح دل دکھایا جائے اس لیے میں معذرت کرتا ہوں اور ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ ایسا نہ ہو۔
View this post on Instagram
صارفین کا کہنا تھا کہ یہ محض ایک ڈرامہ تھا جس میں فیصل قریشی کردار ادا کر رہے تھے اور لکھا ہوا اسکرپٹ پڑھ رہے تھے۔ صارفین کے مطابق کسی کو بھی ڈرامے کے کردار یا ڈائیلاگز کو ذاتی نہیں لینا چاہیے جبکہ کئی صارفین نے وکلاء کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ انصاف دینے کے علاوہ ہر کام کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے ظلم میں فیصل قریشی ایک سیاستدان کا کردار ادا کررہے ہیں جس کے خلاف ایک وکیل اٹھ کھڑا ہوتا ہے اور اس کے ظلم کی شکار لڑکی کا ساتھ دیتا ہے۔