آج سے 19 سال قبل یعنی 24 اپریل 2005 کو ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر پہلی ویڈیو اپلوڈ کی گئی تھی۔ یہ ویڈیو ’جاوید‘ کے نام سے بنے اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں
یہ یوٹیوب کی سب سے پہلی ویڈیو تھی جس کا دورانیہ 19 سیکنڈز تھا۔ ’می ایٹ دی زو‘ کے ٹائیٹل سے اپلوڈ کی گئی اس ویڈیو میں جاوید کریم نے سان ڈیاگو کے ایک چڑیا گھر میں ہاتھیوں کے آگے کھڑے ہوکر ان کی سونڈ کے بارے میں بات کی تھی۔ اس ویڈیو کو اب تک 317 ملین سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا ہے۔
یوٹیوب ویب سائٹ کی ڈومین 14 فروری 2005 میں ’پے پال‘ میں کام کرنے والے 3 دوستوں، اسٹیو شین، چاڈ ہرلی اور جاوید کریم نے مل کر رجسٹر کرائی تھی۔ ابتدا میں ان تینوں دوستوں نے یوٹیوب کو ایک ڈیٹنگ ویب سائٹ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا مگر بعد میں انہوں نے سوچا کے لوگ اپنے گھروں کی ویڈیوز شیئر کرکے بھی خوب انجوائے کریں گے۔
یوٹیوب پر پہلی ویڈیو اس کے مئی 2005 میں افتتاح سے ایک ماہ قبل اپلوڈ کی گئی تھی، جس کے فوری بعد یوٹیوب دنیا بھر میں مقبول ہوگئی تھی۔ ایک سال بعد جاوید کریم نے دوسرے شریک بانیوں کے ساتھ مل کر اپنا ویڈیو پلیٹ فارم گوگل کو فروخت کر دیا تھا۔
آج یوٹیوب کا ہیڈکوارٹرز سان برونو، کیلیفورنیا میں واقع ہے۔ 13 سے 17 سال کے 1,400 بچوں اور نوجوانوں کے ایک حالیہ سروے میں سامنے آیا ہے کہ ہر 5 میں سے ایک نوجوان یوٹیوب کا تقریباً مسلسل استعمال کررہا ہے۔ علاوہ ازیں، 30 فیصد صارفین ایسے ہیں جو روزانہ متعدد مرتبہ یوٹیوب وزٹ کرتے ہیں۔