فوجی گھوڑے بدک گئے، 4 شہری زخمی

بدھ 24 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وسطی لندن میں آج صبح بادشاہ چارلس سوئم کی رہائش گاہ کے قریب مشقوں میں مصروف متعدد فوجی گھوڑے بدک گئے اور سواروں کے بغیر ہی شہر کا رخ کرلیا۔ لندن کی سڑکوں پر صبح کا رش دیکھ کر گھوڑے مزید خوفزدہ ہوگئے اور تیزرفتاری سے دوڑتے ہوئے 4 افراد کو زخمی کردیا۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق، بکنگھم پیلیس کے قریب ایک فوجی کیمپ میں گھوڑے معمول کی مشقوں میں مصروف تھے کہ اچانک شور کی آواز سن کر 7 گھوڑے بدک گئے اور شہر کی سڑکوں پر دوڑنے لگے۔ سواروں کے بغیر دوڑتے ان گھوڑوں نے لندن کی سڑکوں پر افراتفری مچا دی۔ بنا سواروں کے گھوڑوں کو شہر کی سڑکوں پر دوڑتے دیکھ کر شہری بھی خوفزدہ ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 گھوڑے ایک سڑک پر دوڑے جارہے ہیں۔ ان میں سے ایک سفید گھوڑا خون یا سرخ پینٹ سے لت پت ہے۔ فوج نے تاحال تصدیق نہیں کی کہ یہ خون تھا یا رنگ، تاہم ایک خاتون شہری کا کہنا ہے اس نے گھوڑے کے سر پر زخم کا نشان دیکھا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، فوجی گھوڑوں نے شہر میں 4 افراد کو زخمی کیا، ایک ٹیکسی کی کھڑکی توڑی اور ایک ڈبل ڈیکر بس کی ونڈ اسکرین کو توڑ ڈالا۔ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کردی گئی تھی۔ فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام گھوڑوں کو 2 گھنٹے بعد قابو کرلیا گیا تھا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ میں کئی فوجی اہلکار اور گھوڑے بھی زخمی ہوئے ہیں۔

خیال کیا جارہا ہے کہ بکنگھم پیلس کے قریب ہاؤس ہولڈ کیولری سے تعلق رکھنے والے گھوڑے تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں کا شور سن کر بدک گئے تھے اور اپنے سواروں کو گرا کر اندھا دھند دوڑنے لگے تھے۔ ہاؤس ہولڈ کیولری ریاست برطانیہ کی ایک مستقل فوجی یونٹ ہے جو بادشاہوں کی حفاظت پر معمور رہتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp