مدھو بالا کب تک سفاری پارک منتقل ہوجائے گی؟

جمعرات 25 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی چڑیا گھر میں ہتھنی نور جہاں کی موت کے بعد مدھو بالا کو سفاری پارک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد کراچی چڑیا گھر انتظامیہ نے مدھو بالا ہتھنی کی سفاری پارک منتقلی کی تیاریاں شروع کردیں جو اب آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔

چڑيا گھر انتظامیہ کے مطابق مدھو بالا ہتھنی کی کنٹینر میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کی ٹریننگ مکمل ہو گئی ہے۔ مدھو بالا دن میں 3سے 4بار کنٹینر میں آتی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ مدھو بالا ہتھنی کی منتقلی کے لیے بنایا گیا کنٹینر اس کی سینچیری میں ہی رکھا گیا ہے۔

کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے مطابق سفاری پارک میں مدھو بالا کی سینچیری فور پاز کے تعاون سے تیار کی جا رہی ہے۔ اگلے مہینے میں مدھو بالا کو سفاری پارک منتقل کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں نور جہاں ہتھنی کی کراچی زو میں موت کے بعد مدھو بالا ہتھنی اکیلی رہ گئی تھی۔ فور پاز کے ماہرین اور کے ایم سی انتظامیہ نے نور جہاں کی موت کے بعد مدھو بالا ہتھنی کو سفاری پارک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سفاری پارک میں ملائکہ اور سونیا ہتھنی پہلے ہی سے موجود ہیں، مدھو بالا کے سفاری پارک منتقل ہونے کے بعد ہتھنیوں کی تعداد 3 ہو جائے گی۔

سفاری پارک انتظامیہ کے مطابق فور پاز تنظیم کے ہائر کردہ آرکٹیکٹ سفاری پارک میں مدھو بالا کی سینچیری تیار کر رہے ہیں۔ 15 سے 20 دن کے اندر سفاری پارک میں مدھو بالا کی سینچیری تیار ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد ہتھنی کو منتقل کردیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp