مغربی افریقہ کے ملک برکینا فاسو میں بی بی سی اور وائس آف امریکا کی نشریات پر پابندی عائد کردی گئی۔
مزید پڑھیں
امریکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، برکینا فاسو میں شہریوں کی بڑی پیمانے پر ہلاکتوں سے متعلق ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ پر خبریں نشر کرنے پر ملک میں بی بی سی اور وائس آف امریکا کے ریڈیو اسٹیشنز کی نشریات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
برکینا فاسو کی وزارت اطلاعات کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ریڈیو اسٹیشنز کی نشریات پر 2 ہفتے کی پابندی عائد کی گئی ہے اور دیگر میڈیا اداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ مذکورہ معاملے کی رپورٹنگ کرنے سے اجتناب کریں۔
جمعرات کو جاری کی گئی ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ برکینا فاسو کی آرمی نے عسکریت پسندوں کے ساتھ تعاون کرنے پر دیہاتوں میں 56 بچوں سمیت 223 شہریوں کو قتل کیا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کی اس رپورٹ کو غیرملکی میڈیا نے بھرپور کوریج دی تھی۔
واضح رہے کہ برکینا فاسو میں القاعدہ اور اسلامک اسٹیٹ گروپ سے منسلک عسکریت پسندوں اور ریاستی حمایت یافتہ فورسز کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 20 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوچکے ہیں جن میں نصف سے زیادہ بچے ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں ایک گاؤں پر فوج کے حملے میں کم از کم 70 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ فوج نے گاؤں کے لوگوں پر عسکریت پسندوں کے ساتھ تعاون کا الزام لگایا تھا۔