وزیرِاطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پختون بہن بھائیوں کو ایسا وزیراعلیٰ ملا ہے جس کا حلیہ بھی غنڈوں جیسا ہے اور زبان بدمعاشوں جیسی ہے۔ میں خیبر پختونخوا کی خواتین کے لیے ہمدردی رکھتی ہوں۔ چیلنج کرتی ہوں کوئی ایک منصوبہ بتائیں جو 10 سال میں خیبرپختونخوا کی حکومت نے مکمل کیا ہو۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کی 2 مہینوں کی حکومت نے سب کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔ علی امین گنڈا پور صاحب مقابلہ کریں قابلیت میں، قبولیت میں اور پرفارمنس میں۔ میری گزارش ہے آپ مقابلہ کریں ترقی کے حوالے سے، منصوبوں کے حوالے سے لوگوں کے حقوق کے حوالے سے۔ خیبرپختونخوا کے لوگوں کو ترقی و خوشحالی کی ضرورت ہے، کے پی کے لوگ تکلیف میں ہیں۔
مزید پڑھیں
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی نظر میں ’نہیں‘ کا لفظ نہیں ہے۔ مریم نواز عوام کو سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہیں، وہ عوام کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں، مسلم لیگ (ن)کی سیاست جھوٹ، بہتان کے بجائے عوامی خدمت ہے۔ سستی روٹی پروگرام فلاپ نہیں ہوا عمل درآمد کروا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میڈیا میری فیملی کی طرح ہے، سیاست کا آغاز کرنے کے بعد میں میڈیا میں آ گئی تھی، میں اپنی فیملی کو اتنا ٹائم نہیں دے پاتی جتنا کیمروں کو دیتی ہوں، یہ پارٹی قیادت کا اعتماد ہے جو مجھے اتنی بڑی ذمہ داری دی ہے۔ ہماری جماعت اور حکومت میڈیا فرینڈلی ہے، کوشش کرتے ہیں کہ میڈیا کوجتنی سہولیات دے سکتے ہیں دیں، جرنلسٹ سپورٹ فنڈز کے حوالے سے بری خبر آئی ہے کے فنڈز نہیں دیے جا رہے، ہماری جماعت کے علاوہ تمام جماعتوں نے میڈیا کے فنڈز کم یا ختم کیے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ میں آپ سے کبھی کسی خبر کی روک تھام کے لیے نہیں کہوں گی لیکن غلط اور جھوٹی خبروں کو پھیلانے سے روکنا چاہیے۔ صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، جو صحافیوں کی طرف سے درخواستیں دی جاتی ہیں، وہ 5،6 مہینے التوا میں رہتی ہیں لیکن ہم اس پر ایک ڈیڈ لائن بنائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں میڈیا ٹاؤن فیز 2 کا ہونا بہت ضروری ہے، میڈیا ٹاؤن فیز 2 پر تیزی سے کام جاری ہے، میٹرو بس کی میڈیا ٹاؤن تک رسائی بھی ممکن بنانا ہے، ہم صحافیوں کے لیے نیا ہاؤسنگ فیز لارہے ہیں، لاہور کی طرز پر اسلام آباد میں بھی صحافیوں کے لیے سوسائٹی بنے گی۔
عظمی بخاری نے کہا کہ میڈیا بہت تیز ہے، ایک ایک ٹکر سے حکومتوں کی دوڑیں لگ جاتی ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے اسلام آباد پر چڑھائی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بیان انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کے بیان پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہنچی وہیں پر خاک جہاں خمیر تھا، اس شعر میں شاعر این آر او مانگنا چاہتا جو اسے نہیں ملنا۔