عمر گل نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی وجہ بتاتے ہوئے اپنی زندگی میں سب سے خاص شخص کو کھونے کا انکشاف کردیا۔عمر گُل نے سال 2020 میں ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا جس نے ان کے مداحوں کو بے حد مایوس کردیا تھا۔
ریٹائرمنٹ کے چار سال بعد اب عمر گُل نے فخرِ عالم کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے ریٹائرمنٹ کی اصل وجہ سے پردہ ہٹا دیا۔
عمر گُل نے دورانِ انٹرویو کہا کہ ’ میں نے آج تک اپنی اہلیہ کو بھی یہ نہیں بتایا کہ میں نے ریٹائرمنٹ کیوں لی لیکن آج یہ بتانے جارہا ہوں‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’ میرا بہت اچھا دوست تھا کلیم وہ کراچی میں رہتا تھا، 2004 سے ہم دوست تھے اور دوستی ایسی تھی کہ وہ میری صورت دیکھ کر پہچان جاتا تھا کہ میرے دل میں کیا ہے‘۔
عمر گُل نے انکشاف کیا کہ ’ 2020 میں کورونا کے پہلے سال عید سے دو دن پہلے وہ کراچی سے واپس آرہا تھا اور ایک حادثے میں وہ جاں بحق ہوگیا ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میں کراچی میں صرف اس سے ملنے آتا تھا، اب جب وہ ہی کراچی میں نہیں تھا تو میں نے کہا کہ بس اب ریٹائرمنٹ لے لیتا ہوں اور بس یہ فیصلہ لے لیا‘۔
عمر گُل یہ پورا واقعہ بتاتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو رکھنے کی بے حد کوشش کرنے کے باوجود نہ کرسکے اور رو پڑے۔
واضح رہے کہ اپنی عمدہ یارکرز کی وجہ سے ‘گُل ڈوزر’ کے نام سے مشہور عمر گل نے 2003 میں بنگلہ دیش اور زمبابوے کے خلاف بالترتیب ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور 47 ٹیسٹ، 130 ون ڈے اور 60 ٹی 20 میچوں میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی۔