سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس کے بارے میں سوشل میڈیا صارفین دعویٰ کر رہے ہیں کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی کشتی کراچی کے گجر نالہ میں الٹ گئی۔ صارفین کے مطابق مرتضیٰ وہاب اپنے ساتھی افسران سمیت کشتی پر گجر نالہ کراچی کا معائنہ کر رہے تھے کہ ان کی کشتی الٹ گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کشتی پہلے بائیں جانب جھکی، جس پر سوار افراد نے اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کی تاہم اس کے بعد کشتی پوری کی پوری الٹی گئی اور تمام سوار اس میں غوطہ زن ہوگئے۔
سوشل میڈیا صارفین اس پر قسم ہا قسم کے تبصرے کر رہے ہیں۔ بعض لوگ ان کی کشتی کو ٹائی ٹینک قرار دے رہے ہیں تاہم بعض صارفین کا کہنا ہے کہ یہ مرتضیٰ وہاب نہیں ہیں بلکہ یہ کوئی پرانا ویڈیو کلپ ہے جو انڈیا کا ہے۔
معروف تجزیہ کار امتیاز گل نے بھی اس پر پوسٹ کی۔ جس میں ان کا کہنا تھا ’مرتضیٰ وہاب اور ساتھی ٹائی ٹینک کے سفر پر۔اس سفر کا انجام بھی ایسے ہی ہوا جیسے پاکستان کے سفر کا۔ منصوبہ بندی کا فقدان ، احتیاط اور نتائج سے بے خبر کود پڑے ملیر دریا میں۔‘
مرتضیٰ وہاب نے بھی اس پر ایک ٹویٹ کی ہے۔
ان کا کہنا ہے’سوشل میڈیا پر میرے گجر نالہ میں گرنے کی مبینہ ویڈیو نہ تو گجر نالہ کی ہے اور نہ ہی میری۔ یہ بظاہر ہندوستان سے ہے۔ میں اپنی فیملی کے ساتھ پانی پوری، بن کباب اور ڈوسا سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا برا ہے۔‘
The purported video circulating on social media about me falling into Gujjar Naala is neither of Gujjar Naala nor of me. It’s apparently from India. I am fine enjoying Paani Puri, Bun Kebab & Dossa with my family 🧿 social media is evil 👿 pic.twitter.com/u8lCz7tVga
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) April 30, 2024
ایک صارف نے بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کا ایک لنک شیئر کیا جس سے ثابت کیا کہ یہ ویڈیو کلپ میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نہیں بلکہ بھارتی ریاست ’گوا‘ کے شہر ’پناجی‘ کے میئر ہیں۔ اور یہ واقعہ آٹھ برس پرانا ہے۔