انڈین گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث گولڈی برار امریکا میں ہلاک

جمعرات 2 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث گینگسٹر گولڈی برار کو امریکا میں قتل کردیا گیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، گولڈی برار کو منگل کی صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب کیلیفورنیا کی فیئرمونٹ اینڈ ہولٹ ایونیو پر گولی مار کر قتل کیا گیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق، گولڈی برابر پر نامعلوم حملہ آوروں نے اس وقت گولیاں چلائیں جب وہ اپنے گھر کے باہر اپنے ایک ساتھی کے ساتھ کھڑا تھا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ حملے میں گولڈی برار ہلاک جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، دلا لکھبیر گینگ نے گولڈی برابر کو قتل کروایا ہے، دونوں کے درمیان طویل عرصہ سے دشمنی چل رہی تھی۔ اس گینگ کو کینیڈا سے ارشدیپ سنگھ عرف ارش دلا اور لکھبیر سنگھ سندھو عرف لنڈا چلاتے ہیں۔

گولڈی برار کون ہے؟

گولڈی برابر کا اصل نام ستوندرجیت سنگھ ہے۔ وہ 2017 میں اسٹوڈنٹ ویزا پر کینیڈا گیا تھا جہاں وہ قتل اور اغوا برائے تاوان جیسے جرائم کی سرپرستی کرنے لگا۔ گولڈی برار کو گینگسٹر لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی شمار کیا جاتا تھا۔

واضح رہے کہ سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والے گینگسٹر گولڈی برار بھارتی حکومت کو انتہائی مطلوب تھے اور انہیں حکومت نے دہشتگرد قرار دے رکھا تھا۔

گزشتہ برس جون میں گولڈی برارنے بھارتی اداکار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بشنوئی برادری سے معافی مانگنے کے بعد ہی بچ پائیں گے۔ گزشتہ ماہ ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی گلیکسی رہائش گاہ کے باہر نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp