کراچی ایئرپورٹ پر 9 کلو سے زائد سونا برآمد، جنوبی افریقہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

جمعرات 2 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی نژاد جنوبی افریقہ کی ایک مسافر فیملی سے ساڑھے 9 کلو گرام سونا برآمد کیا ہے، جس کی مالیت کا اندازہ کروڑوں روپے میں لگایا گیا ہے۔

کسٹم حکام کے مطابق دبئی کے راستے جنوبی افریقہ جانے والی ایک مسافر فیملی سے ساڑھے نو کلو گرام سونا برآمد کیا گیا ہے جس کی مالیت کا اندازہ 17کروڑ  روپے لگایا گیا ہے، برآمد کیا گیا سونا  مختلف زیورات سمیت سونے کے سکوں پر مشتمل ہے۔

کسٹمز حکام نے مسافروں کے قبضہ سے بھاری مقدار میں سونے کی برآمدگی کے حوالے سے مقدمہ درج کر لیا ہے اور کروڑوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور سکوں کے ساتھ سفر کے اصل حقائق کی کھوج کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ کے پاسپورٹ کی حامل فیملی میں 5 خواتین اور ایک مرد مسافر شامل  ہیں، جن سے سامان کی تلاشی  کے دوران غیر قانونی مقدار میں سونا برآمد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک کی پالیسی کے مطابق غیر ملکی شہری اور بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی 10 ہزار ڈالر تک کا سونا، زیورات، قیمتی اور نیم قیمتی پتھر باہر لے جا سکتے ہیں بشرطیکہ یہ ان کی طرف سے بیرون ملک سے لائے گئے زرمبادلہ کی نقدی کے بدلے خریدے گئے ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp