پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے انتخابات سے متعلق ’وائٹ پیپر‘ جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے چیف الیکشن کمشنر فوری مستعفی ہوں اور انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
اسلام آباد میں جمعرا ت کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹرگوہر خان نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) 8 فرروری کو ہونے والے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف ’وائٹ پیپر‘ جاری کر رہی ہے، پاکستان تحریک انصاف انتخابی دھاندلی کے خلاف بات ثبوت کے ساتھ کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ انتخابات میں ایک منظم طریقے سے دھاندلی کی گئی، انتخابات سے قبل ہی پاکستان تحریک انصاف کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی گئی اس کے لیے پارٹی کے بانی چیئرمین کو جیل میں ڈالا گیا پھرانتخابات میں ہمارے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرانے دیے گئے، ہمیں بتایا جائے کہ 8 فروری کے انتخابات میں دھاندلی میں کون لوگ ملوث تھے؟
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم ایک جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں جو اس تمام سلسلے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے، ہم الیکشن ریفارمز کا بھی مطالبہ کرتے ہیں، اگر ایسا نہیں ہوتا تو پاکستان تحریک انصاف انتخابات میں دھاندلی کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کو انتخابات میں لیو پلیئنگ فلیڈ نہیں دی گئی حتیٰ کہ تحریک انصاف سے انتخابی نشان بھی چھین لیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم الیکشن میں دھاندلی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات ہوں، کوئی بھی دھاندلی نہ ہو۔ 8 فروری کے انتخابات میں تاریخی دھاندلی ہوئی، پاکستان تحریک انصاف پر عائد پاپندیوں کے باوجود ملک کی 70 فیصد مشہور پارٹی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایواب نے کہا کہ 8 فروری کو پاکستان تحریک انصاف کو 180 نشستیں مل چکی تھیں، لیکن اگلے دن ان نشستوں کو فارم 47 کے ذریعے تبدیل کیا گیا، اس کے تمام تر ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔
انہوں نے ثبوت میڈیا کو دکھاتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن میں بھونڈا طریقہ استعمال کیا گیا، فارم 47 میں تمام نتائج تبدیل کر دیا گیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابی اصلاحات لائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اربوں روپے صاف و شفاف انتخابات کے لیے دیے گئے تھے، الیکشن کمیشن آف پاکستان صاف و شفاف انتخابات کروانے میں ناکام ہوئے اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمشنر فوری مستعفی ہوں۔
گوہرایوب نے کہا کہ ہم نے پہلے دن سے جس کینسرکی بات کی تھی اس کینسر کو پاکستان کے جسم سے نکالنے کے لیے اس کی صیحیح طریقے سے کیمو تھراپی یا پھر ریڈیو تھراپی ہونا چاہیے، اگر یہ کینسر پھیلتا گیا تو خدانخواستہ ملک میں انتشار بھی پھیلتا چلے جائے گا۔