شیرافضل مروت کے بھائی خالد مروت خیبرپختونخوا کابینہ سے برطرف

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیرافضل مروت کے بھائی خالد مروت کو خیبرپختونخوا کی کابینہ سے برطرف کردیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کے ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے اپنے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیروں اور خصوصی معاونین کی تقرری کے ایکٹ 1989 کے سیکشن 2 کی شق 2 کے تحت وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد مروت کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خالد مروت کو فوری طور پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وی نیوز نے خبر دی تھی کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کو شیرافضل مروت کے بھائی خالد لطیف مروت کی شکایت کی تھی کہ وہ مختلف محکموں میں مداخلت کرتے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور ان کی کارکردگی سے بھی ناخوش تھی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے خالد مروت کے خلاف بیوروکریسی، انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ملنے والی شکایت کے بارے میں بھی عمران خان کو آگاہ کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے مشال یوسفزئی کی بھی  عمران خان کو شکایت کی تھی، جس کے بعد عمران خان نے دونوں ارکان کو کابینہ میں رکھنے یا نہ رکھنے کا اختیار وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو دے دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp