’آئی کیوب کیو چائنا سے لفٹ لے کر چاند کی جانب روانہ‘ پاکستان کے پہلے سیٹلائٹ مشن پر صارفین کے تبصرے

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن ’آئی کیوب کیو‘ چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے چاند پر روانہ ہوگیا۔ جسے پاکستانی وقت کے مطابق 2 بج کر 27  منٹ پر خلا میں بھیجا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کے ماہرین کی ٹیم اسپیس سینٹر میں موجود تھی۔ سیٹلائٹ مشن کی روانگی کے وقت لانچ سائیڈ پر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا اور نعرہ تکبیر سے ہال گونج اٹھا۔

پاکستان کے پہلے سیٹلائٹ مشن آئی کیوب کیو چاند کی طرف روانہ کرنے پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں صحافی خرم اقبال نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان بھی چاند کی سیر کےلئے روانہ ہو گیا ہے۔

ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ پاکستانی سٹیلائیٹ مشن آئی کیوب قمر چائنا سے لفٹ لے کر چاند کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔

صحافی مطیع اللہ جان کہتے ہیں کہ آئی کیوب قمر کی کامیاب لانچ کے بعد پورے پاکستان میں چھوٹی عید ایک ہی دن منائی جا سکے گی، اور مسلمان پوری دنیا میں ایک ساتھ چاند دیکھ سکیں گے۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ پاکستان کا چاند پر جانا ایسے ہی ہے جیسے کوئی مسافر کراچی جا رہا ہو اور ایک غریب آدمی اس مسافر کے ہاتھ اپنی بیٹی کے لیے دو کلو  مکئی کا آٹا بھجوا دے۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ اصل راکٹ چین کا نکلا ہمارا صرف ایک ڈبہ ساتھ لے کر جائے گا۔

احمد حسن لکھتے ہیں پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ چاند پر روانہ ہو گیا ہے لیکن جو تصاویر سامنے آئیں ان میں نہ کوئی پاکستانی دیکھا نہ ہی پاکستانی جھنڈا، ان کا مزید کہنا تھا کہ نہ ہی یہ پاکستان کی سر زمین سے لانچ ہوا۔

واضح رہے کہ پاکستان کا سیٹلائٹ مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے اطراف چکر لگائے گا، سیٹلائٹ کی مدد سے چاند کی سطح کی مختلف تصاویر لی جائیں گی۔

آئی کیوب قمر کو انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی نے چین کی شنگھائی یونیورسٹی اور پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی سپارکو کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔ آئی کیوب قمر اوربیٹر چاند کی سطح کی تصویر بنانے کے لیے دو آپٹیکل کیمروں سے لیس ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp