وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پولیو کے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے جس کے لیے انسداد پولیو مہم میں شامل تمام اداروں کا احتساب اور اس عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں
وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی گلوبل ڈویلپمنٹ ڈویثرن اور پولیو اوورسائٹ بورڈ کے صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلائییس کی زیر سربراہی عالمی انسداد پولیو اقدام کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے وفد کو بتایا کہ پاکستان پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے اس لیے انسداد پولیو مہم میں شامل تمام اداروں کا احتساب اور اس عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ویکسینیشن ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ عالمی اقتصادی فورم کے دوران سعودی عرب کی جانب سے عالمی انسداد پولیو اقدام کے لیے 500 ملین ڈالر کے عطیے کا اعلان خوش آئند ہے۔ ہم ان شا اللہ بہت جلد عالمی شراکت داروں کے تعاون اور ملکی اداروں کی انتھک محنت سے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خطے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان اور افغانستان میں تعاون ہونا ضروری ہے، وزیراعظم نے اس موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کو عالمی انسداد پولیو اقدام کے ساتھ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے ایک مشترکہ ہمہ گیر آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔
غیر ملکی وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے جاری اقدامات پر پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا، وفد نے انسداد پولیو کے لیے حکومت پاکستان کے عزم پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں پولیو کی امیونائیزیشن کے اقدامات میں درپیش مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، وفد نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں پولیو کے موزی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے ضروری تکنیکی مہارت اور قومی اور حکومتی سطح پر اس مہم کو کامیاب کرنے کا عزم موجود ہے۔
وفد کے سربراہ ڈاکٹر کرسٹوفر نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم کو بتایا کہ بل گیٹس آپ کے پنجاب کے دور وزارت اعلیٰ میں انسداد پولیو کے لیے کیے گئے اقدامات سے بے حد متاثر ہیں۔
وفد میں ریجنل ڈائریکٹر عالمی ادارہ صحت ایمرو ریجن ڈاکٹر حنان بلخی، جنوبی ایشیاء کے لیے ریجنل ڈائریکٹر یونیسیف سنجے ویجیسیکرا، سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے پولیو برانچ چیف ڈاکٹر اوموٹایو بولو، پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر لؤو ڈاپینگ، پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فاضل، عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر انسداد پولیو، ڈاکٹر حامد جعفری اور ڈپٹی ڈائریکٹر پولیو بل اینڈ ملانڈہ گیٹ فاونڈیشن مائیکل گیلوے شامل تھے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت مختار ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔