عالمی شہرت رکھنے والے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو ایک روز کے لیے پاک فوج کا اعزازی کیپٹن بنا دیا گیا۔
عامر خان کی کھیلوں کے شعبے میں خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک فوج نے انہیں اعزازی کیپٹن کے رینکس لگائے۔
Capt Amir Khan pic.twitter.com/WRYVnYqYYc
— Amir Khan (@amirkingkhan) May 4, 2024
پاک فوج کے زیراہتمام ایک تقریب میں باکسر عامر کو کیپٹن کے اعزازی رینک لگائے گئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل باکسر عامر خان نے حال ہی میں مارشل آرٹس چیمپیئن بننے والے شاہزیب رند کے ہمراہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیّد عاصم منیر سے ملاقات کی تھی۔
عامر خان نے کیپٹن کے اعزازی رینک پہنانے پر اپنے بیان میں کہاکہ میں اس اعزاز پر فخر محسوس کررہا ہوں، پاک فوج نے کھیلوں کے فروغ میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ اعزازی فوجی آفیسر بننے اور پاک فوج کا یونیفارم پہن کر خوشی محسوس ہورہی ہے۔ ’یوں لگ رہا ہے جیسے ابھی عالمی چیمپیئن بنا ہوں‘۔
باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہمارا فخر ہے جس نے ہمیشہ سپورٹ کیا۔ میں پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔