نامزد چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی و سینیئر رہنما پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم اپنی نامزدگی کے حوالے سے بے خبر نکلے۔
میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ابھی تک مجھے پارٹی کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ مجھے چیئرمین پی اے سی کے لیے نامزد کیا گیا ہے اس لیے کسی بحث میں نہیں پڑوں گا۔
شاباش جس کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنایا وہ خود ہی بے خبر نکلے۔ کہتے ہے کہ مجھے نہیں پتہ کہ مجھے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین نامزد کیا ہے، شیرافضل مروت میرا بھائی ہے، شیخ وقاص اکرم کی گفتگو
pic.twitter.com/3MPGM7ouur— Mehwish Qamas Khan (@MehwishQamas) May 6, 2024
شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ شیر افضل مروت ہمارے بھائی ہیں اور پارٹی میں ان کی اپنی ایک اہمیت ہے۔
انہوں نے کہاکہ چیئرمین پی اے سی کے لیے عمران خان کا فیصلہ حتمی ہوگا کیونکہ ہم ہر اس فیصلے پر عمل کرتے ہیں جو ان کی طرف سے کیا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نامزدگی میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی کوئی بات نہیں، پارٹی میں کوئی ڈویژن نہیں۔
مزید پڑھیں
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ وہ کسی سے انتقام نہیں لیں گے اور فتح مکہ والا ماڈل اپنائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کی جگہ شیخ وقاص اکرم کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نامزد کردیا ہے۔
اس سے قبل عمران خان نے جب شیر افضل مروت کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا تو جہاں حکومت کی جانب سے ان کے نام پر اعتراض کیا گیا وہیں پی ٹی آئی کے اندر سے بھی یہ آواز اٹھنا شروع ہوگئی تھی کہ تمام عہدے خیبرپختونخوا کو دے کر پنجاب کو نظر انداز کیا جارہا ہے اس لیے اس عہدے پر پنجاب سے کسی رکن اسمبلی کو نامزد کیا جائے۔
دوسری جانب شیر افضل مروت نے اپنے ردعمل نے کہا ہے کہ کل عمران خان سے ملاقات کرکے انہیں ساری صورتحال سے آگاہ کروں گا۔