سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے والے جوڑے کی سوشل میڈیا پر دھوم

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سی ایس ایس میں کامیابی حاصل کرنے والوں میں جہاں 126 مرد اور 84 خواتین شامل تھیں وہیں ان کامیاب امیدواروں میں دو ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو ازدواجی زندگی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے ساتھ اب پیشہ ورانہ زندگی میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے پرعزم ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ’ایکس‘ پرحذیفہ اورنگزیب نامی صارف نے ایک پوسٹ شیئر کی جس کی دھوم پورے سوشل میڈیا پر مچ گئی۔ اپنی پوسٹ میں  انہوں نے بتایا کہ  ’الحمداللہ ہم دونوں نے ایک ساتھ خواب دیکھا تھا اور ایک ساتھ ہی کامیاب ہوئے۔ ہم دونوں، میں اور میری اہلیہ نے سی ایس ایس 2023 کلیئر کرلیا ہے‘۔

انہوں نے اپنی پوسٹنگ کے حوالے سے مزید بتایا کہ ’میری پوسٹنگ پولیس سروس آف پاکستان میں ہوئی ہے، جبکہ میری اہلیہ کی پوسٹنگ ریونیو سروسز میں ہوئی ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ دوسری جانب ان کی اہلیہ ڈاکٹر حاجرہ نیاز کی جانب سے بھی ’ایکس‘ پر اپنی کامیابی کی خبر شیئر کی گئی جس میں انہوں نے اپنی اور شوہر کی تصویر شیئر کی۔

ڈاکٹر حاجرہ نے اپنی کامیابیاں بیان کرتے ہوئے لکھا کہ میں ایم بی بی ایس سیکنڈ ایئر میں تھی جب حذیفہ نے میرے گھر رشتہ بھیجا۔ اس وقت میں نے حذیفہ کو کہا تھا کہ میرے لیے میرے کیرئیر گولز ہیں، جس پر حذیفہ نے کہا ’تو مل کر کریں گے ناں‘

ڈاکٹر حاجرہ نے مزید بتایا کہ اس کے بعد سے پرائم منسٹر ایوارڈ، کے پی کے انوویشن ایوارڈ، 19 مضمون ایوارڈز، بی بی سی مینشن، ڈینز آنر، یوتھ انٹیرئیر منسٹری اور اب سی ایس ایس میں بھی کامیابی ملی ہے۔ حذیفہ اور حاجرہ کی جانب سے سے کامیابی کی خبر پر سوشل میڈیا صارفین اس جوڑے کو مبارکباد دیتے نظر آرہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp