وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کو اوور بلنگ اور بجلی چوری روکنے کے لیےکریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ اوور بلنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہےگی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے زیر صدارت ایف آئی اے لاہور زونل آفس اجلاس میں اوور بلنگ اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور سرفراز ورک نے بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں
محسن نقوی نے کہا کہ ڈسکوز کی نااہلی اور غفلت کی سزا شہریوں کو دینا قطعی قبول نہیں، اوور بلنگ کے ذریعے شہریوں پر بوجھ ڈالنے والے افسران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور بجلی چوری میں ملوث سرکاری عملے کے خلاف بھی بلا تفریق ایکشن لیا جائے۔ بجلی صارفین کو اوور بلنگ میں ریلیف دینا ترجیح ہے۔
حکومت بجلی چوری روکنے کے حوالے سے پرعزم ہے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے 15 اپریل 2024 کو ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت بجلی چوری کی روک تھام کے لیے پر عزم ہے۔ بجلی کی چوری کی روک تھام میں پنجاب کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے، دوسرے صوبے بھی بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مربوط اقدامات اٹھائیں۔ یہ ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگے تیل پر چلنے والے بجلی کے منصوبوں کو قابل تجدید توانائی پر منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ بجلی کی ترسیل کی استعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔ ونڈ، پن بجلی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔
پنجاب میں 100 ارب روپے کی بجلی چوری، حکومت کا گرینڈ آپریشن کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے زیر صدارت 30 مارچ 2024 کو ہوئے اجلاس میں بجلی چوری کے خاتمے کے لیے اہداف کا تعین اور ایک ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی تھی، فیصلہ کیا گیا تھا کہ پنجاب میں بجلی چوری پر کوئی رعایت نہیں، زیرو ٹالرنس ہوگی۔ اجلاس کو بتایا گیا تھا کہ صوبہ پنجاب میں 100 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے۔ بجلی چوری، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا تھا۔