سانحہ 9 مئی کا ایک سال مکمل، صحافتی اور وکلا تنظیموں کا ملزمان کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ

بدھ 8 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، پنجاب یونین آف جرنلسٹس،  پیپلز ڈیموکریٹک الائنس اور وکلا کے وفود نے سانحہ 9 مئی کے ایک سال مکمل ہونے پر جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا ہے، وفود نے شہدائے پاکستان کی یادگاروں کی بے حرمتی کی مذمت کی ہے۔

اس موقع پر صحافتی تنظیموں کے عہدیداران و ممبران نے جناح ہاؤس کے جلاؤ گھیراؤ پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سیاسی شدت پسندوں اور دہشت گردوں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

وفد نے شہداء اور افواج پاکستان کی یادگاروں پر حملہ کرنے والوں کو چیف جسٹس آف پاکستان سے عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے، وفد میں شریک ممبران نے کہا ’ہمارے زخم ابھی تک نہیں بھرے، ہم افواج پاکستان سے ایمان کی حد تک محبت کرتے ہیں اور ان سیاسی دہشت گردوں نے ہمارے ایمان پر حملہ کیا ہے۔‘

اس موقع پر صحافی برادری نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے مجرموں کو خصوصی عدالتوں میں لایا جائے تاکہ انصاف ہوسکے۔

پیپلز ڈیموکریٹک الائنس اور وکلاء کا جناح ہاؤس کا دورہ

پیپلز ڈیموکریٹک الائنس اور وکلا نے بھی سانحہ 9 مئی کے ایک سال مکمل ہونے پر جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا، شرکاء نے سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ 9 مئی کو گزرے ایک سال ہوچکا لیکن شرم کا مقام ہے کہ ہم ابھی تک مجرمان کو کیفرِ کردار تک نہیں پہنچا سکے۔

شرکا نے کہا کہ گزشتہ سال شرپسند گروہ کی جانب سے جس بربریت اور وحشیانہ پن کا مظاہرہ کیا گیا اس کی نظیر دنیا میں کہیں نہیں ملتی، عوام اور نوجوانوں کا نام استعمال کرکے جس طرح سیاست کے نام پر درندگی کا مظاہرہ کیا گیا وہ ناقابلِ معافی جرم ہے۔

انہوں نے کہا ’ہم حکومتِ وقت اور عدلیہ سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ خدارا پاکستان کے وقار اور عزت کی خاطر جو لوگ اس سانحہ میں ملوث تھے، انہیں جلد بلا امتیاز سخت سزا دی جائے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp