بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں نامعلوم مسلح افراد نے 7 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے، پیشے کے اعتبار سے ہلاک شدگان حجام تھے، جن کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے بتایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
پولیس کے مطابق، سربندر کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فش ہاربر کے قریب ایک رہائشی کوارٹر میں سوئے ہوئے 7 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، فائرنگ سے قبل مسلح افراد نے دستی بم کا دھماکا بھی کیا۔ واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ، لاشیں اور زخمیوں کو گوادر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
گوادر ضلعی انتظامیہ نے جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ساجد ولد خالد، اسد ولد حبیب اللہ، عدنان ولد مقبول، حسیب ولد جبیب، مقرب، انصر اور شان شامل ہیں۔ واقعہ میں ارسلان ولد حاجی امین زخمی ہوا تھا۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے واقعہ میں جاں بحق افراد کی میتیں آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئی ہیں، میتوں کو 4 ایمبولنس گاڑیوں کے ذریعہ روانہ کیا گیا ہے جبکہ زخمی شخص کو طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
معصوم مزدوروں کا قتل کھلی دہشتگردی ہے، حکومت بلوچستان
بلوچستان حکومت نے گوادر کے علاقے سربندر میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم مزدوروں کا قتل کھلی دہشتگردی ہے۔
ایک بیان میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو نے کہا کہ نہتے معصوم مزدوروں کا قتل بزدلانہ اقدام ہے، دہشتگردوں سے سختی سے نمٹیں گے، اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں، ملوث دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
حکومت بلوچستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا، انتظامی افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں، صوبائی حکومت ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہے جبکہ جاں بحق مزدوروں کے خاندانوں سے رابطہ کیا جاررہا ہے۔
بے گناہ مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کریں گے، پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی نرم گوشہ نہیں نہ ہی کوئی جگہ ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جس قسم کی فورس استعمال کرنا پڑی، کریں گے، ریاستی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی، پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔
وزیراعلیٰ نے شہید مزدوروں کے پسماندگان سے اظہار تعزیت و افسوس بھی کیا ہے اور کہا ہے کہ شہداء کی فیملیز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کے پسماندگان کی ہر ممکن معاونت کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں بھی بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تمپ میں نامعلوم دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے 2 مزدوروں کو قتل کردیا تھا۔ لیویز حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق فیصل آباد سے تھا۔