ہیرا منڈی کو تاریخ کے تناظر میں نہ دیکھا جائے، سوناکشی سنہا کا تنقید کرنے والوں کو جواب

جمعرات 9 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حال ہی میں ریلیز کی گئی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں اہم کردار ادا کرنے والی اداکارہ سوناکشی سنہا نے تنقید کے بعد ویب سیریز کی کہانی کو افسانوی قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوناکشی سنہا نے کہا کہ ’ویب سریز افسانوی ہے لہٰذا مجھے لگتا ہے ہیرا منڈی کے ساتھ ہمیں ویسا ہی سلوک کرنا چاہیے جیسا ہم دوسری فلموں کے ساتھ کرتے ہیں اور اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں‘۔

 سیریز میں فریدن کا کردار ادا کرنے والی سوناکشی سنہا کا کہنا تھا کہ ہیرا منڈی ایک فکشنل کہانی ہے، اسے تاریخ کے تناظر میں نہ دیکھا جائے۔ ٹیم نے کبھی نہیں کہا تھا کہ ہیرا منڈی تاریخ پر مبنی فلم ہوگی۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ تنقید کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ سنجے لیلا بھنسالی نے تاریخ پر مبنی فلم بنانے کا نہیں کہا تھا، البتہ پاکستان کے شہر لاہور میں موجود ایک جگہ پر فلم بنانے کا کہا تھا۔ وہ ایک فنکار ہیں جنہوں نے آپ کو ایک فرضی دنیا دکھائی۔

واضح رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ہیرا منڈی کو یکم مئی کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا گیا تھا۔ 8 اقساط پر مشتمل اس سیریز کی کہانی 1940-1910 کی دہائی میں برطانوی راج کے خلاف ہندوستان کی آزادی کی تحریک کے پس منظر میں فلمائی گئی ہے۔ فلم پر تنقید کی جارہی ہے کہ اس میں 1940 کا لاہور نہیں دکھایا گیا اور یہ تاثر دیا گیا کہ تقسیم سے قبل لاہور حالیہ بھارت کے زیر اثر تھا جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

 نیٹ فلکس پر موجود سیریز ہیرا منڈی میں سوناکشی سنہا، ادیتی راؤ حیدری، منیشا کوئرالا، سنجیدہ شیخ، ریچا چڈھا، فردین خان، شیکھر سمن اور ان کے بیٹے ادھیان سمن اور تاہا شاہ نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp