حافظ آباد میں فصل کی باقیات نذر آتش کرنا مہنگا پڑگیا

جمعرات 9 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

زہریلے اور جان لیوا دھوئیں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پنجاب حکومت نے فصل کی باقیات جلانے پر مقدمہ درج کرکے حافظ آباد سے 2  افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جن کے اس ماحول مخالف عمل سے دھوئیں کے نتیجے میں موٹر وے پر حادثہ بھی رونما ہوا تھا۔

فصل کی باقیات جلانے سے حادثات کی رپورٹس پر پنجاب حکومت نے سخت کارروائی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس کو زیرو ٹالرنس کی ہدایات جاری کرتے ہوئے صوبہ بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز اورنمبرداروں کو فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کا ٹاسک دے دیاگیا ہے۔

کسی بھی علاقے میں فصل کی باقیات جلائی گئیں تو ضلعی انتظامیہ اور نمبردار ذمہ دار ہوں گے، پولیس کے مطابق حافظ آباد میں گرفتار ہونیوالے 2 افراد کی جانب سے فصل کی باقیات کو آگ لگانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں کے نتیجے میں موٹر وے پر حادثہ ہوا جس پر قانونی کاروائی کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہیں کہ جہاں خلاف ورزی ہو وہاں سخت ترین کارروائی کی جائے، ماحولیاتی بہتری اور اسموگ کے خاتمے کے لئے قانون کی خلاف ورزی پر ایف آئی آردرج ہوگی۔

سینئر وزیرپنجاب مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں بتایاکہ پنجاب حکومت نے قانونی کارروائی حالیہ سروے کے نتائج پر کی ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ اور نمبردار اپنے اپنے علاقوں میں مساجد سے اعلان کرائیں کہکسان فصل کی باقیات نہ جلائیں۔

’ڈپٹی کمشنرز علاقہ نمبرداروں کو اعتماد می لیں، کسانوں کو فصل کی باقیات جلانے کے نقصانات اور قانون کے بارے میں آگاہ کریں، اسموگ اور زہریلا دھواں موت کاسبب بننے والے امراض پیدا کرتا ہے، میڈیا اور عام شہری زہریلے دھوئیں پر قابو پانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp