بلوچستان اسمبلی میں سانحہ 9 مئی کیخلاف مذمتی قرارداد منظور، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

جمعرات 9 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ایک سازش کے تحت عوام اور اداروں کو لڑانے کی کوشش کی گئی لیکن عوام نے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جبکہ پاک فوج نے واقعے میں ملوث افسروں کا بھی کڑا احتساب کیا۔

وزیراعلیٰ نے بلوچستان اسمبلی میں 9مئی سے متعلق اتحاد کے مظاہرے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹوکی شہادت کے بعد صدر آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اور پیپلز پارٹی کے قیادت نے پاکستان توڑنے کی سازش کو ناکام بنایا تھا۔

گوادر میں معصوم اور نہتے شہریوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ گوادر میں معصوم شہریوں کوبیدردی سے قتل کیا گیا، دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سانحہ 9مئی کے حوالے سے مشترکہ مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی، صوبائی وزیر صادق عمرانی کی جانب سے پیش کردہ اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی 2023 کو سیاسی جماعت کے سربراہ کی گرفتاری کے بعد پر تشدد مظاہرے کیےگئے اور مشتعل افراد نے جناح ہاؤس لاہور سمیت حساس سرکاری و نجی املاک کو نذر آتش کیا۔

قراردار کے متن کے مطابق، عسکری تنصیبات سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا اور منظم سازش کے تحت افواج پاکستان کے خلاف مسلح جتھوں کو اکسایا گیا، جو کام ازلی دشمن نہ کر سکا دہشت گردوں نے کردیا۔

9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان افواج پاکستان پر مکمل اعتماد، یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اظہار کرتا ہے، یہ دن تا قیامت یوم سیاہ کے طور پر شمار کیاجائے گا۔

قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ 9 مئی2023کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل لائی جائے اور  9 مئی کے  ملزمان کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp