انسداد دہشتگردی عدالت،صحافی صدیق جان کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

منگل 21 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے صحافی صدیق جان کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے صحافی صدیق جان کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں پر فاضل جج نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا  جبکہ پولیس کو حکم دیاگیا ہے کہ صدیق جان کی اہل خانہ سے ملاقات کرائی جائے۔

واضح رہے کہ صحافی صدیق جان کو پیر کی شب حراست میں لیا گیا تھا اور اسلام آباد پولیس نے منگل کے روز ان کی گرفتاری کی باضابطہ تصدیق کی ۔

صدیق جان کواسلام آباد کی میلوڈی مارکیٹ میں واقع ان کے دفترکے باہر سے نا معلوم افراد نے حراست میں لیا گیا تھا۔

صدیق جان کی گرفتاری کی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد کو صدیق جان کو اپنے ہمراہ لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب صحافی صدیق جان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس نے بتایا ہے کہ صدیق جان کو اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے تھانہ سی ٹی ڈی کے مقدمہ 03/23 میں گرفتار کیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے پوسٹ کیے گئے پیغام کے مطابق صدیق جان کو 18 مارچ کے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے تناظر میں گرفتار کیا گیا ہے۔

’صدیق جان کو وقت پر عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔‘

نجی ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ صدیق جان کو شیلنگ کی ویڈیو شیئر کرنے کے معاملے پر حراست میں لیا گیا ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان نے صحافی صدیق جان کی گرفتاری  کی  مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف  کے حامی سمجھے جانے والے ہر شخص کو ڈھٹائی کے ساتھ نشانہ بنا یا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp