ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے بابراعظم کو پاکستان کے لیے نمایاں کارکردگی دکھانے پر پاکستان کے اعلیٰ سول اعزاز سے نوازا جائے گا۔
بابراعظم کو 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب کے موقع پر ستارہ امتیاز دیا جائے گا۔ 28 سالہ بابر یہ اعزاز حاصل کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہوں گے۔حکومت پاکستان نے گزشتہ برس 14 اگست کو اعلان کیا تھا کہ بابراعظم کو ستارہ امتیاز دیا جائے گا۔
بابراعظم پاکستان کیلیے مختلف فارمیٹس میں بیٹنگ کے کئی ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔ وہ اس وقت تینوں فارمیٹس کی آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ 5 میں موجود ہیں۔
بابراعظم کی کپتانی میں پاکستان نے 2021 میں پہلی بار کسی بھی ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دی تھی۔ انہوں نے 2022 میں پاکستان کو ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کے فائنل میں بھی پہنچایا تھا۔
اس سے قبل پاکستان کے چار سابق کپتانوں کو ستارہ امتیاز مل چکا ہے، جن میں مصباح الحق، یونس خان، شاہد آفریدی اور سرفراز احمد شامل ہیں۔
لیجنڈ سپن باؤلر عبدالقادر مرحوم کو بھی بعد از مرگ بطور کھلاڑی اس اعزاز سے نوازا گیا۔ کرکٹر محمدیوسف، سعیداجمل، جاویدمیانداد اور انضمام الحق کو بھی ستارہ امتیاز مل چکا ہے۔
سول اعزازات کیا ہیں، کسے اور کب ملتے ہیں؟
صدرِ پاکستان ہر سال 14 اگست کو اہم ملکی و غیر ملکی شخصیات کو ان کی نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں سول اعزازات سے نوازنے کا اعلان کرتے ہیں۔
قیام پاکستان کے بعد ’پاکستان سول ایوارڈ‘ کے نام سے 6 اقسام کے ایوارڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ ملک کے معرض وجود میں آنے کے گیارہ سال بعد 1958 میں ہوا تھا۔
’پاکستان سول ایوارڈ‘کے تحت’اعزاز برائے پاکستان، برائے شجاعت، برائے امتیاز، برائے قائد اعظم، برائے خدمت‘ اور’ صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی‘ شامل تھے۔
ہر اعزاز کے مزید چار درجے متعین کیے گئے تھے۔ ترتیب کے اعتبار سے ’نشان امتیاز‘ سب سے بڑا اعزاز قرار پایا۔ اس کے بعد بالترتیب ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز‘ قرار دیے گئے تھے۔
اگست 2022 میں صدر علوی نے سول اعزازات پانے والی 253 شخصیات کے ناموں کا اعلان کیا تھا جنہیں 23 مارچ کو سول اعزازات سے نوازا جائے گا۔اعزازات 23 مارچ 2023 کو یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ پروقار تقریب کے دوران عطا کیے جائیں گے۔
امسال کون کون سے کھلاڑیوں کو سول اعزازات سے سرفراز کیا جائے گا
صدرِ پاکستان عارف علوی نے 14 اگست کو ’یوم آزادی‘ کے موقع پر 253 ملکی اور غیر ملکی شخصیات کے لیے مختلف سول ایوارڈز کا اعلان کیا تھا ان میں 14 کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
کھلاڑیوں میں ماضی کے عظیم سکواش کے کھلاڑی جہانگیر خان سے لے کر کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلوانے والے ارشد ندیم بھی شامل ہیں۔
جن کھلاڑیوں کو سول ایوارڈز سے سرفراز کیا جائے گا ان میں جہانگیر خان (سکواش)۔ بابراعظم (کرکٹ)۔ چودھری شافع حسین (کبڈی)۔ ارشد ندیم (اتھلیٹکس)۔ نوح دستگیر بٹ (ویٹ لفٹنگ)۔ سرباز خان (کوہ پیمائی)۔ عبد الکریم (کوہ پیمائی)۔ شاہدہ عباسی (کراٹے)۔ امینہ ولی (سکیئنگ)۔ عرفان محسود (مارشل آرٹس)۔ مسعود جان (بلائنڈ کرکٹ)۔ احسن رمضان (سنوکر)۔ بسمہ معروف (کرکٹ)۔ شفیق احمد چشتی (کبڈی) شامل ہیں۔