پاکستان میں موسم گرما کے آغاز میں اب کوئی خاص تاخیر نہیں بلکہ ملک کے بالائی علاقے چھوڑ کر بیشتر علاقوں میں تو لوگ پنکھے چلائے بغیر نہیں رہ سکتے۔ ایسے میں یاد رکھیں بہت زیادہ سرد یا گرم موسم دونوں ہی اسمارٹ فونز کے لئے نقصان دہ ہیں۔
اکثر اوقات ہم فون کو گاڑی میں دھوپ میں رکھ دیتے ہیں،یا ڈیش بورڈ پر رکھ دیتے ہیں،
گرمیوں میں دھوپ میں فون کا استعمال کرتے ہیں یا فون کو ایسی جگہ چارج پر لگا کر رکھ دیتے ہیں جہاں دھوپ پڑ رہی ہو یا دیر تک فون چارج پر لگا دیتے ہیں۔
اس سب سے ہمارے اسمارٹ فونز کو حرارت مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔
درج ذیل میں کچھ تجاویز دی جا رہی ہیں جن پر عمل کر کے آپ اپنے اسمارٹ فون کو گرم موسم سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
1۔ فون کو گاڑی میں مت رکھیں

دھوپ میں کھڑی کاروں میں اپنے فون نہ رکھ چھوڑیں۔ ایپل کے مطابق آئی فونز کے لیے 35ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ کا درجہ حرارت نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
تاہم ابھی اینڈرائیڈ فون کے حوالے سے ایسی کوئی رپورٹ تو سامنے نہیں آئی لیکن غالب امکان ہے کہ اس نوعیت کے فون کے لیے بھی اتنا ہی درجہ حرارت نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
2۔ فون کو ڈیش بورڈ پر مت رکھیں

گرمیوں میں ڈرائیونگ کے دوران فون کو ڈیش بورڈ پر مت رکھیں۔کیونکہ شیشےیا ونڈشیلڈ سے ڈیش بورڈ پر پڑنے والی براہ راست دھوپ موبائل کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
3۔ فون کو زیادہ دیر تک براہ راست سورج کی روشنی میں نہ رکھیں اور نہ ہی چارج کریں۔

اسمارٹ فونز بھی اپنے ارد گرد سے گرمی جذب کر لیتے ہیں اس لیے بہتر ہے کہ انہیں براہ راست سورج کی روشنی میں نہ رکھا جائے۔
جب بھی آپ فون کو چارج کریں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ جگہ خشک اور ٹھنڈی ہو کیونکہ بیٹری چارج کرتے وقت بھی زیادہ تر فون گرم ہو جاتے ہیں۔
4۔ دن کے وقت سورج کی روشنی میں زیادہ دیر اسمارٹ فون کے استعمال سے گریز کریں۔

سورج کی روشنی میں بہت لمبی بات چیت کے لیے موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ اگر آپ کو محسوس ہو کہ اسمارٹ فون دھوپ میں استعمال کرنے سے گرم ہو گیا ہے تو کچھ دیر اسے استعمال نہ کریں اور ٹھنڈا ہونے دیں۔
5۔ اسمارٹ فون کو گرم ہونے سے بچانے کے لیے زیادہ دیر چارج نہ کریں۔

زیادہ تر صارفین سونے سے پہلے اپنے فون کو رات بھر کے لیےچارج پر لگا چھوڑتے ہیں۔
اگرچہ زیادہ تر فونز ایسے ہوتے ہیں جن میں چارج فُل ہو جانے کے بعد فون میں خود بخود چارجنگ ہونا بند ہو جاتی ہے۔
لیکن پھر بھی احتیاطاً فون کو زیادہ چارج نہ کریں۔ زیادہ چارج نہ صرف بیٹری کو نقصان پہنچا سکتا ہے بلکہ آپ کے اسمارٹ فون کو حرارتی مسائل سے بھی دوچار کرسکتا ہے۔
علاوہ ازیں چارجنگ کے دوران اپنے فون کو تکیہ کے نیچے یا کمبل کے اندر رکھنے سے بھی اجتناب کریں۔
6۔اگر آپ کا موبائل زیادہ گرم ہوجاتا ہے تو اس کا کور ہٹا دیں۔

موبائل کے کور انہیں حادثاتی طور پر گرنے کے دوران محفوظ رکھتے ہیں لیکن اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو فون گرم ہو رہا ہے تو کچھ دیر کے لیے موبائل کا کور ہٹا دیں۔ خاص طور پر جب آپ کو دھوپ کا سامنا درپیش ہو۔