یہ سچ ہے حکومت کو سیدھا کرنے میں 2 سے 3 ماہ لگ جاتے ہیں، مریم نواز

جمعہ 10 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ حکومت کو سیدھا کرنے میں 2 سے 3 ماہ لگ جاتے ہیں، پچھلے 5 سال میں نوازشریف اور شہباز شریف نے جو کام کیے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے اُن کو الٹا کردیا، اُسے اب ہم دوبارہ سیدھا کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں کلینک آن اہلیز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلینکس آن و ہیلز منصوبے سے لوگوں کو فائدہ ہوگا، ترقیاتی منصوبہ لانے پر زیادہ خوشی  نوازشریف کوہوتی ہے، عوام  کوسہولت فراہم  کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، کلینکس آن وہیلز سے لوگوں کو علاج معالجے میں آسانی ہوگی۔

’کلینکس آن وہیلز گاڑی نہیں بلکہ مکمل کلینک ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ کلینکس آن وہیلز میں ڈاکٹر موجود ہوگا، ادویات کی سہولیات ہوں گی، 200میں سے 50 گاڑیوں میں الٹراساؤنڈ کی سہولت موجود ہے۔ کلینک آن وہیل میں زچہ و بچہ کے لیے طبی سہولیات بھی ہوں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ شکر ادا کرتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے صحت کے شعبے میں ایک اور ہدف پورا کرنے میں کامیابی عطا فرمائی، دونوں ہیلتھ منسٹرز اور سیکرٹری اور ان کی ٹیم کو شاباش اور مبارکباد دیتی ہوں۔ فری میڈیسن ڈیلیور کرنے گئی تو مریضوں کے چہرے پر اطمینان اور خوشی بیان نہیں کر سکتی۔

’مجھے خوشی ہے کہ صحت کی سہولت عوام کی دہلیز تک لے کر جا رہے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک گاڑی نہیں بلکہ پورا کلینک ہے جس کو عوام کی دہلیز پر کھڑا کریں گے۔ کلینک آن ویلز پروگرام اس لیے شروع کیا تاکہ چھوٹی موٹی بیماریوں کے لیے غریب کو اسپتال نہ جانا پڑے۔ لوگ اپنے بچوں کے لیے روٹی کمانے میں اس قدر مصروف ہوتے ہیں کہ وہ اپنی صحت کے لیے وقت نہیں نکال سکتے۔ شہباز شریف کو کلینک آن ویلز پروگرام شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف، آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ آپ کی بیٹی نے اس پروگرام میں 200 کلینک آن ویلز کا اضافہ کیا ہے۔ کلینک آن ویل میں ایک ڈاکٹر،ایک ایل ایچ وی اور ایک ڈسپنسر ہوگا۔ کلینک آن ویلز میں میڈیکل ٹیسٹ، فری ادویات اور اسکریننگ کی سہولت موجود ہوگی۔ کلینک آن ویلز میں ویکسی نیشن اورزچہ و بچہ کے علاج کی سہولیات، ملیریا، شوگر اور بچوں کے علاج کی سہولت موجود ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہفتے میں 6 دن صبح نو سے تین بجے تک کلینک آن ویلز لوگوں کی دہلیز پر جا کر علاج مہیا کرے گی۔ 40 لاکھ افراد کلینک آن ویلز سے طبی سہولیات حاصل کریں گے۔ عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے فیلڈ اسپتال پراجیکٹ کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ فیلڈ اسپتالوں میں 2 سے 3 ہزار مریضوں کا روزآنہ فری علاج ہوتا ہے۔ میں فیلڈ اسپتال پراجیکٹ کی خود مانیٹرنگ کر رہی ہوں اور فون کرکے مریضوں سے فیڈ بیک لیتی ہوں۔

’آج اتنے دنوں بعد بھی فیلڈ اسپتال کی ایک شکایت موصول نہیں ہوئی، سیکرٹری علی جان کو شاباش دیتی ہوں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ایمبولینس سروس میں 100ایمبولینسز کا اضافہ کر دیا ہے۔ ایمبولنسز حاملہ خواتین کو لانے اور لے جانے کے لیے فری سروس مہیا کریں گی۔ پہلے 500 سے زائد ایمبولنسز یہ کام کر رہی ہیں، مزید100 ایمبولنسز کا اضافہ کیا ہے۔ ایمبولنسز حاملہ خواتین کو گھروں سے لے کر اسپتال جائیں گی اور اس کے بعد واپس اسپتال سے گھر چھوڑیں گی۔ سرکاری اسپتالوں، بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز میں ڈاکٹروں کی موجودگی کے لیے ایک جامع پروگرام لا رہے ہیں۔ پنجاب میں سرکاری سطح پر ایک بھی ہیلتھ فیسلٹی ایسی نہیں ہوگی جہاں ڈاکٹر موجود نہ ہوں۔

’نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کو بھی پورا کر رہے ہیں‘۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نئی پالیسی لا رہے ہیں جس کے تحت ہر ضلعے کے مقامی ڈاکٹر کو اسپتالوں میں جاب کے لیے ترجیح دیں گے۔ پنجاب حکومت کے صحت مراکز میں 500 کنسلٹنٹس کو ہائر کر رہے ہیں۔ گاڑیوں اور کنٹینرز کو صرف احتجاج کے لیے نہیں بلکہ علاج کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جناح ہاسپٹل میں بچے کے کامیاب کڈنی ٹرانسپلانٹ پر ڈاکٹرز کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ فیصلہ کیا تھا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں دل کے امراض کے علاج کی سہولیات، بچوں کے علاج کی سہولیات میسر ہوں۔ پہلے فیز میں پنجاب کے 8 اضلاع میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیالوجی کی فیسلٹیز بنا رہے ہیں۔ دل کے مریضوں کو ایک شہر سے دوسرے شہر ٹرانسپورٹ کرنا مشکل ہوتا ہے۔ میری کوشش ہے کہ پنجاب میں فری انسولین کا پروگرام بھی لانچ کریں۔ خواہش ہے کہ آپ کی دہلیز پر خدمت کے پروگرام میں روز اضافہ کروں۔ عوام ہماری محنت اور کوشش میں کمی نہیں پائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp