وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے پر پاکستان ہاکی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ہمارے ہیرو ہیں جنہوں نے آج ایک بار پھر قومی کھیل کو زندہ کردیا ہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے جمعہ کو چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد کے ہمراہ پاکستان ہاکی ٹیم کے ارکان سے بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ہاکی ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا گو ہے۔
’اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ پی ٹی وی کل لائیو نشر کرے گا‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل پی ٹی وی اسپورٹس کے ذریعے براہ راست نشر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل کے میچ کے لیے ٹی وی چینلز اور اخبارات میں ہاکی ٹیم کی کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کھیلوں کے فروغ پر خاص توجہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کو براہ راست نشر کرنے کے لئے ہم تیاریوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور فائنل میچ پورے پاکستان میں دیکھا جائے گا۔
’قومی ٹیم نے اپنے سے بہتر ٹیموں کے خلاف شاندار پرفارم کیا‘
ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے نیوزی لینڈ، ملائیشیا اور کوریا کے ساتھ زبردست میچ کھیلے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ٹیمیں رینکنگ میں پاکستانی ٹیم سے اوپر تھیں لیکن قومی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم ہاکی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہے۔ انہوں نے ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی کامیابی پوری قوم کے ساتھ مل کر منائیں گے، ہم اپنے ہیروز کی واپسی کے منتظر ہیں‘۔
’سوشل میڈیا کا غلط استعمال، جعلی خبریں روکنے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات ناگزیر ہیں‘
دریں اثنا عطا تارڑ نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور جعلی خبروں کے پھیلاؤ کے انسداد کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں
پاکستان کا دورہ کرنے والے بنگلہ دیشی صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی پوری توجہ معاشی استحکام پر ہے۔
ملاقات میں آزادی اظہار اور حکومت کے معاشی اقدامات سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے معاشی اشاریے مثبت ہو رہے ہیں اور بین الاقوامی جریدے بھی پاکستان کی معیشت میں بہتری کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔
’وزیراعظم شہباز شریف عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں‘
عطا تارڑ نے کہا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور اس تناظر میں فیڈرل بیورو آف ریونیو میں ٹیکس اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
عطا تارڑ نے بنگلہ دیشی صحافیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کا دورہ کیا اور حکومت کے معاشی اقدامات کے بارے میں جاننے میں دلچسپی لی۔
بنگلہ دیشی صحافی پاکستان کی میزبانی پر شاداں
بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد نے پاکستان میں ان کی میزبانی اور مدد فراہم کرنے پر حکومت پاکستان، وزارت اطلاعات و نشریات اور صحافتی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
وفد کے ارکان نے کہا کہ پاکستان کا دورہ بہت اچھا رہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کے دوروں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ ملے گا۔
بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد میں اقتدار احمد، مکرم حسین، ریاض احمد، شیخ ساجد، محمد عبدالودود، جبون احمد سرکار، قمر الزمان اور معین الحق شامل تھے۔ اس موقع پر ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جنرل عنبرین جان اور وزارت اطلاعات و نشریات کے دیگر سینیئر افسران بھی موجود تھے۔