صوبہ سندھ کے علاقے کشمور کی پولیس نے 7 سالہ مغوی بچے ایاز احمد پٹھان کو ضلع گھوٹکی میں دریائے سندھ کے علاقے کچے سے انٹیلیجنس آپریشن کے بعد باحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔
کشمور پولیس کے مطابق 7 سالہ بچے ایاز احمد پٹھان ولد اللہ نور پٹھان کو تھانہ حاجی خان شر کی حدود کچے کے علاقے میں مقابلے کے دوران بازیاب کرالیا گیا ہے۔ بچے کی بازیابی کے لیے ڈی آٸی جی پی لاڑکانہ ناصر آفتاب نے سخت نوٹس لیکر ایس ایس پی کشمور کی سربراہی میں بازیابی کے لیے ٹیم متعین کی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک کم عمر بچے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس کے اہلخانہ نے بتایا تھا کہ بچے کو کندھ کوٹ سے تاوان کے لیے اغوا کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں شلوار قمیص میں ملبوس روتے ہوئے بچے کو زنجیر اور 2 تالوں سے بندھا لٹکا دیکھا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
کشمور پولیس کا کہنا تھا کہ ہم بچے کے اغوا ہونے والے دن سے اس آپریشن پر کام کررہے تھے اور بالآخر بچے کو باحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے۔ عیدالفطر کے تیسرے روز جب بچے گھر کے باہر کھیل رہے تھے، اچانک چند مسلح افراد ایاز احمد پٹھان کو اٹھا کر لے گئے۔ جبکہ شام کو ڈاکوؤں نے ٹیلی فون کال کرکے بیٹے کی رہائی کے لیے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
پولیس کا مشکور ہوں، والد
بازیاب کروائے گئے بچے کی والد اللہ نور کے مطابق ایاز احمد کو 14 اپریل کو ڈاکوؤں نے کندھ کوٹ سے اغواء کیا تھا، ایاز کی بازیابی کے لیے 50 لاکھ روپے کے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے میرے بچے کو بازیاب کروایا، جب کہ میں نے کسی قسم کی رقم تاوان کی مد میں ادا نہیں کی، انہوں نے کہ میں پولیس کا مشکور ہوں جنہوں نے میرا بچہ بازیاب کروایا۔