کراچی: بھتہ خوری اور اغوا میں ملوث سی ٹی ڈی کے 4 افسران برطرف

ہفتہ 27 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کراچی آصف اعجاز نے بھتہ خوری اور اغوا میں ملوث سی ٹی ڈی کے 4 افسران کو برطرف کردیا۔

سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر سمیت 3 اے ایس آئی عہدے سے ہٹائے گئے ہیں جس کا آرڈر جاری کردیا گیا۔

آصف اعجاز شیخ نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اہلکار شہری کواغوا کرکے بھتہ لینے میں ملوث پائے گئے ہیں جن کے خلاف ٹیپو سلطان تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

مغوی کی درخواست کے مطابق نامعلوم سادہ لباس افراد نے انہیں اغوا کر کے 4 لاکھ روپے تاوان کے عوض رہا کیا۔

پولیس اہلکاروں کے خلاف درج مقدمے کے مطابق ملزمان نے انہیں اپنا تعارف سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کے طور پر کرایا تھا اور انہیں دیگر افراد کے ہمراہ گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں قید رکھا۔

اغوا کیے گئے شہریوں میں شامل ایک صحافی نے پولیس اہلکاروں کو اپنا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ وہ میڈیا سے وابستہ ہے، جس کے بعد ملزمان نے انہیں واقعے پر خاموشی اختیار کرنے کی ہدایت کی اور رہا کردیا تھا۔

پولیس نے مدعی کی درخواست پر کارروائی کا آغاز کیا اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کو شوکاز نوٹسز جاری کیے۔

ملزمان پولیس کی بنائی گئی کمیٹی کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے جس کے بعد کمیٹی نے رپورٹ ڈی آئی جی کو پیش کی۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ نے رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کرتے ہوئے سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹرسمیت تین اے ایس آئیز کو نوکریوں سے برطرف کر دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp