بجلی کے بلوں نے ہر شہری کو دیوالیہ کر دیا ہے، مشیر خزانہ مزمل اسلم

ہفتہ 11 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ صحت کارڈ اور گندم کی خریداری کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ پہلی بار ایسا ہوا کہ ساڑھے 10 ماہ گزرنے کے بعد بجٹ دیا گیا۔ بجلی کے بلوں نے ہر شہری کو دیوالیہ کر دیا ہے۔ امن وامان کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پارلیمانی پارٹی میں اعتراض آیا کہ نگران حکومت کا بجٹ کیوں پاس کریں، نگران حکومت نے 2 بار عبوری بجٹ دیا، نگران حکومت نے مینڈیٹ کے برعکس کام کیا تو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جائیگا۔

مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ ہمیشہ بجٹ مالی سال شروع ہونے سے پہلے دیا جاتا ہے، صوبائی حکومت جانے کے بعد 90 روز میں انتخابات نہیں ہوئے، وزیراعلیٰ کامؤقف ہے کہ صوبے کے مالی حالات ٹھیک کرنے ہیں۔ سیاسی اتار چڑھاؤ کی وجہ سے بجٹ تاخیر کا شکار ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک 10 ارب روپے صحت کارڈ کے لیے فراہم کرچکے ہیں، 765 ارب روپے ابھی وفاق سے ملنے ہیں۔ صوبے کا بجٹ اتنا پیچیدہ نہیں ہوتا جتنا وفاق کا ہوتا ہے۔ ہمیشہ بجٹ مالی سال کے شروع ہونے سے پاس کیا جاتا تھا، نگران حکومت کی مدت میں اضافہ ہونے کی وجہ سے مالی سال کے آخر میں پیش کیا، نگران حکومت نے وہ کام کیے، جو ان کا مینڈیٹ نہیں تھے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ نگران حکومت نے 8 ماہ میں جو کام کیے ہیں، وہ ان سے مبراں نہیں ہے، کل ہمارے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بھی ممبران نے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ جہاں پر غیر قانونی بھرتیاں ہوئی ہیں، وہ دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے رمضان پیکج کے تحت 10 ارب صحت کارڈ کے لیے رقم جاری کی ہے جبکہ گندم کی خریداری کے لیے بھی رقم جاری کرچکے ہیں۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ مجموعی طور پر بجٹ 1360 ارب روپے کا ہے۔ صوبے کی آمدنی 85 ارب روپےمقرر کی تھی مگر ہدف حاصل کرنا مشکل ہے۔ معاشی حالات 72 برس میں اتنے خراب نہیں ہوئے، جتنے آج کل ہیں۔ بجلی کے بلوں نے لوگوں کو دیوالیہ کر دیا ہے، سب سے زیادہ بجلی کے پی کے پیداکرتا ہے، ایک یونٹ 1 روپے 10 پیسے ہم بیچ رہے ہیں، ہمیں وہ بھی نہیں مل رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp