گلگت بلتستان میں خواتین کی پبلک ٹرانسپورٹ میں درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مفت پنک بس سروس کا آغاز کیا گیا۔
پنک بس سروس سے خواتین مستفید ہورہی تھیں، خصوصاً دفاتر جانے والی خواتین اور طالبات کو اس سے سہولت میسر آئی تھی مگر اب مفت سروس ختم کرکے اس کا کرایہ لیا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے غریب خواتین پریشان دکھائی دیتی ہیں۔
خواتین نے بتایا کہ پنک بس سروس میں مفت سفری سہولت فراہم کرنا ہمارے لیے بہت بڑا ریلیف تھا مگر اب ہم سے کرایہ لیا جارہا ہے جس کی وجہ سے سفر کرنے والی خواتین کی تعداد بھی کم ہوگئی ہے۔
خواتین نے مزید بتایا کہ یہ سہولت ہر وقت ہونی چاہیے۔ کرایہ اگر لینا ضروری ہے تو اس میں بھی سبسڈی ہونی چاہیے۔ ’پبلک ٹرانسپورٹ سے بھی زیادہ کرایہ اس بس سروس میں لیا جا رہا ہے جو کہ ناانصافی ہے‘۔
خواتین کے لیے پنک بس سروس بہت بڑی سہولت ہے جس میں خواتین بلا خوف و خطر اکیلی سفر کرتی ہیں، ضروری ہے یہ بس سروس تمام اوقات میں میسر ہو اور اس کا کرایہ بھی کم ہو تاکہ مالی طور پر کمزور خواتین کو کسی مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔