وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، دوطرفہ تعاون پر اتفاق

پیر 13 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے آج بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم  ایس سی او کے سیکرٹری جنرل سفیر ژانگ منگ سے ملاقات کی اور رکن ممالک کی اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا۔

سینیٹر اسحٰق ڈار نے شنگھائی اسپرٹ میں بیان کردہ ایس سی او چارٹر اور تنظیم کے بنیادی نظریات کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ایس سی او کے سیکیورٹی اور ترقیاتی تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے خطے کی بے پناہ صلاحیتوں کو تسلیم کیا، نائب وزیر اعظم نے ایس سی او کے رکن ممالک کی اجتماعی ذمہ داری پر بھی زور دیا۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ ایس سی او کے رکن ممالک مؤثر طریقے سے تعاون کریں، تمام رکن ممالک ایس سی او کے پورے خطے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کی جاری سربراہی میں پاکستان کے اقدامات اور شراکت پر بھی بات ہوئی۔ سفیر ژانگ نے سربراہی سنبھالنے پر حکومت پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 تنظیم کے سربراہان حکومت نے سربراہ کے طور پر اپنے دور میں ایس سی او سیکرٹریٹ کی پاکستان کو مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp