عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کے حصول کامعاہدہ نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں افرا تفری کی صورت حال برقرار ہے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج 21 مارچ کو مسلسل چوتھے روز منفی رجحان کے ساتھ بند ہوا ہے۔
ہنڈرڈ انڈیکس منگل کے روز 40 پوائنٹس نیچے آیا جبکہ 4 روز میں مجموعی طور پر 996 پوائنٹس گر گئے۔
سرمایہ کاروں کی بے چینی کے باعث 18 مارچ سے 21 مارچ کے دوران کاروباری حجم 23 کروڑ سے کم ہوکر 14 کروڑ شیئرز تک محدود رہا ۔
دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی اضافہ ہوا ہے اور انٹربینک میں امریکی کرنسی کا بھاؤ 11 پیسے کم ہوا ، کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا ریٹ 283 روپے 92 پیسے تھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے سستا ہو کر 285 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ ہوتا رہا۔